Monday, September 14, 2026
 

سیف علی خان پر چاقو حملے کے نفسیاتی اثرات اب بھی قائم، کیسا محسوس کرتے ہیں؟

 



بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے جنوری 2025 میں اپنے گھر میں پیش آنے والے چاقو حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی اس واقعے کے نفسیاتی اثرات سے مکمل طور پر باہر نہیں نکل سکے۔ 56 سالہ اداکار نے ’بمبئی ٹائمز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ اگرچہ انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے اس مشکل صورتِ حال کا نسبتاً بہتر انداز میں سامنا کیا، لیکن وہ خود اب بھی چاقو دیکھ کر فوری طور پر اس واقعے کو محسوس کرنے لگتے ہیں۔ سیف علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اس واقعے سے کافی تیزی سے سنبھل گئے تھے، تاہم حملہ انتہائی خوفناک تھا۔ ان کے مطابق وہ اس سے ’’100 فیصد‘‘ باہر نہیں نکل سکے کیونکہ چاقو دیکھتے ہی ان کا ردعمل بدل جاتا ہے۔ اداکار نے بتایا کہ اس واقعے سے ان کی اہلیہ بھی بہت متاثر ہوئیں، کیونکہ وہ عمومی طور پر حساس طبیعت رکھتی ہیں۔ واضح رہے کہ جنوری 2025 میں سیف علی خان کے گھر میں مبینہ چوری کی کوشش کے دوران ان پر چاقو سے چھ وار کیے گئے تھے۔ حملے کے نتیجے میں ان کی گردن اور بائیں ہاتھ پر زخم آئے جبکہ ریڑھ کی ہڈی بھی شدید متاثر ہوئی تھی۔ انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ پانچ روز زیرِ علاج رہنے کے بعد گھر واپس گئے۔ سیف علی خان ان دنوں اکشے کمار کے ساتھ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’حیوان‘ کے باعث بھی خبروں میں ہیں۔ پریاندرشن کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 11 ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنی، تاہم شائقین کی جانب سے اسے خاص پذیرائی نہیں مل سکی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل