Loading
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے لانگ مارچ میں سڑکیں بند نہ کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی بالادستی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالت نے واضح کر دیا کہ سیاسی سرگرمی اور احتجاج کے نام پر ریاستی مشینری کے استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی، احتجاج کے نام پر شہریوں کے معمولاتِ زندگی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پی ٹی آئی کی سیاست کا محور آج بھی احتجاج، دھرنے، مارچ اور سڑکوں کی سیاست ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے لیے مینڈیٹ نہیں دیا، خیبر پختونخوا کے عوام نے حکومت کو تعلیم، صحت، روزگار اور ترقی پر توجہ دینے کے لیے مینڈیٹ دیا، صوبائی حکومت کی ذمہ داری عوامی مسائل کا حل اور امن و امان یقینی بنانا ہے، عوام نے مینڈیٹ حکومت چلانے اور خدمت کرنے کے لیے دیا ہے، احتجاج کرنے کے لیے نہیں، خیبر پختونخوا کے عوام اپنے حکمرانوں سے صوبے کی کارکردگی کا حساب مانگ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ اسپتال، اسکول، سڑکیں، روزگار اور امن و امان کے مسائل کب حل ہوں گے؟ پی ٹی آئی کو احتجاج اور مارچ کی سیاست سے نکل کر خیبر پختونخوا کے عوام کو جواب دینا ہوگا، حکومت سڑکوں پر نہیں، کارکردگی سے چلائی جاتی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل