Thursday, September 17, 2026
 

پی آئی اے کی کراچی سے جدہ پہنچنے والی پرواز میں آگ کی اطلاع پر مسافروں کا ہنگامی اخراج

 



پی آئی اے کی کراچی سے جدہ پہنچنے والی پرواز کے طیارے میں دوران پارکنگ انجن نمبر دو میں آگ کی اطلاع ملنے پر مسافروں نے ہنگامی اخراج کیا تاہم پی آئی اے ترجمان نے آگ لگنے کی تردید کردی۔ ذرائع کے مطابق ائیر بیس طیارہ کو جدہ ائیرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر پارکنگ کے دوران مذکورہ واقعہ پیش آیا جہاں انجن میں آگ کی اطلاع پر پائلٹ نے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ مسافروں کو ہنگامی اخراج کے راستوں سے سلائیڈز کھول کر بحفاظت باہر نکال لیا گیا تاہم اس دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، مسافروں کو طبی معائنے اور علاج کے لیے جدہ ائیرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔ جدہ ائیرپورٹ کے فائر شعبے کے حکام بھی فوری فائربریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے پاس پہنچے جہاں پی آئی اے جدہ حکام نے ائیرپورٹ کے تمام حکام اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو فوری طور پر مطلع کیا جب کہ جدہ ائیرپورٹ حکام نے پی آئی اے کے عملے سے معاملے کے متعلق پوچھ بھی کی۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کی جدہ ائیرپورٹ پر نارمل لینڈنگ ہوئی، طیارہ جیٹی پر لگا تھا اس دوران گراؤنڈ اسٹاف نے طیارے کے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا، پائلٹ نے ایس او پی کے تحت مسافروں کو باہر نکالنے کے لیے طیارے کے ایمرجنسی سلائیڈز (شوٹ) کھولے۔ ترجمان نے کہا کہ کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے طیارے سے باہر آئے اور باقی مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز (شوٹ ) کے ذریعے طیارے سے باہر نکالا گیا جب کہ  کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ کا شبہ غلط ثابت ہوا، متاثرہ طیارے کی جدہ لاہور پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، جدہ لاہور پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا گیا  جب کہ باقی مسافر گھر چلے گئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل