Thursday, September 17, 2026
 

حکومت کو لیوی بھتہ ختم کرنا پڑے گا، ورنہ تخت الٹنا پڑے گا، حافظ نعیم الرحمان

 



جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو 20 ستمبر کو شروع ہونے والے لانگ مارچ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لیوی بھتہ ختم نہیں کیا تو اپنا تخت الٹنا پڑے گا کیونکہ کارکنان حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تاریخی دھرنوں کو 33 روز مکمل ہو چکے ہیں، حکومت کی نااہلی کرپشن اور ڈھٹائی پوری طرح سے موجود ہے لیکن ہم اسلام آباد پہنچیں گے اور حکومت کا غرور توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے بعد کارکنوں کی مدد سے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، جب اسلام آباد کے لیے نکلیں گے تو ہر صورت پہنچیں گے، حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور روزانہ پیٹرول بم گرا رہی ہے، حکومت کہتی ہے عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے بحرانوں میں بھی پیٹرول میں 30 روپے سے زائد کا اضافہ نہیں کیا، اس وقت پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 260 روپے بنتی ہے، ہمارا حکمران طبقہ ڈھٹائی کے ساتھ عوام کی جیب پر ڈاکا مارتا ہے، حکومت کا بھتہ ٹیکس دہشت گردی ہے۔ حافظ  نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے دھرنوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی شرکت بڑھ رہی ہے، 33 دنوں کی ریاضت میں ہمارے کارکنوں نے عوام کو شعور دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی نے حکومت سے چار ادوار کیے، افسوس ہے حکمران ہمارے واضح دلائل کے باوجود عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کا بہانہ بناتے ہیں، ہم نے مذاکرات میں حکومت کو شکست دے دی اور ان کے پاس دلیل نہیں، حکومت کہتی ہے لیوی کے ذریعے ہی خزانہ چلتا ہے۔ حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سیکڑوں مربع زمین اور بڑے مافیاز سے ٹیکس نہیں لے سکتے، حکمران صرف غریب اور تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس لیتے ہیں، حکومت ہمارے مطالبات ماننے کو تیار نہیں تو ہم اسلام آباد مارچ کرنے جا رہے ہیں، لانگ مارچ میں کسی ایک جگہ سے لوگ نہیں نکلیں گے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لانگ مارچ کا آغاز کراچی، کوئٹہ، چترال، کالام اور پورے پنجاب سے ہو گا، کراچی سے ٹرین مارچ لے کر نکلیں گے، ملتان سے ہوتا ہوا ہمارا لانگ مارچ لاہور پہنچے گا پھر آگے بڑھیں گے، خیبرپختونخوا، سندھ، شمالی پنجاب سے بھی عوام لانگ مارچ میں شامل ہوں گے، کراچی تا گوادر لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، ہمارا لانگ مارچ سپر لانگ مارچ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو لیوی بھتہ ختم کرنا پڑے گا، ورنہ اپنا تخت الٹنا پڑے گا، شہبازشریف عوام کا جوش و جذبہ دیکھ لو، یہ 25 کروڑ عوام کے لیے نکلے ہیں، اگر شہباز شریف اور وزرا ڈھٹائی نہیں چھوڑیں گے تو اسلام آباد میں چاروں اطراف سے پہنچیں گے، حکومت کے کنٹینر ہمارے عوام کا منہ دیکھتے رہ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے خیرات نہیں عوام کا حق مانگ رہے ہیں، ہمیں ریلیف کی خیرات نہیں چاہیے بلکہ عوام کا حق چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب شعور کی سطح بلند ہو رہی ہے اور عوام کے حقیقی مسائل پر سیاست شروع ہوگئی ہے، ایلیٹ کلچر اور کرپٹ مافیا بری طرح بے نقاب ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 ستمبر سے تاریخی سپر لانگ مارچ شروع ہو رہا ہے، پرسوں سے پورے لاہور میں کارروان لانگ مارچ چلیں گے، پوری قوم کو اپنی تحریک کی پشت پر کھڑا کریں گے، دھرنوں سے بہت کچھ ہوتا ہے یہ حکمرانوں کی چیخیں بتائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دھرنوں نے قوم میں امید پیدا کر دی ہے، ابھی ہم نے چند چیزوں کو ظاہر کیا ہے، ریفارئنریز، آئی پی پیز، آٹا مافیا ہمارے سروں پر مسلط ہے، دو سال قبل عوام آئی پی پیز کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے، جب ہم نے دھرنا دیا تو حکومت نے کہا ہم آئی پی پیز سے بات نہیں کر سکتے لیکن ہم نے اپنی فہرستیں دیں اور بتایا اس میں حکومت کی کتنی آئی پی پیز ہیں جبکہ حکومت نے معلومات نہیں دی اور ٹال مٹول کرتی رہی۔ آئی پی پیز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دھرنے سے تاریخی معاہدہ ہوا اور عوام کے بجلی کے بل 30 فیصد تک کم ہو گئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل