Loading
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا ملزم آلہ قتل کی برآمدگی کے دوران پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ گولی لگنے سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ غربی طارق الہٰی مستوئی نے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس افسر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو آلہ قتل (سریا) کی نشاندہی و برآمدگی کے لیے پولیس حراست میں موقع پر لے کر گئے تھے، پولیس افسر و اہلکار آلہ قتل (سریا) ڈھونڈنے میں مصروف تھے تو ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اہلکار کا پسٹل نکال لیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے فرار کی کوشش کے دوران چھینے گئے پسٹل سے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے اے ایس آئی نعمان شیخ گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔
طارق الہٰی مستوئی کا کہنا تھا کہ ساتھی پولیس افسر کی حفاظت خود اختیاری میں کی گئی جوابی فائرنگ سے ملزم محمد ہمایوں خان موقع پر ہلاک ہوگیا اور ہلاک ملزم سے پولیس اہلکار کا چھینا گیا پسٹل قبضہ میں لے لیا گیا اور ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل (سریا) بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ہلاک ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے اور ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل