Friday, September 18, 2026
 

اسحاق ڈار کا ترکیہ کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ

 



نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے ملاقات کی۔ترکیہ کے سفیر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے قائم دوطرفہ ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ترجیحی شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ اداروں کو دونوں ممالک کے درمیان آئندہ مشترکہ کمیشن اور اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے آٹھویں اجلاس کی تیاریوں کے لیے قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے حل اور خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل