Saturday, September 19, 2026
 

وزیراعظم کا رعائتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی اسکیم سے متعلق ایک اور اہم فیصلہ

 



وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کا پورے پاکستان میں کامیاب اجرا ہوگیا جب کہ وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت پاکستان بھر میں 100 روپے فی لیٹر رعائتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے۔ وزیراعظم  شہباز شریف نے ملک بھر سے اسکیم سے متعلق موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں ایک اور اہم فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پانچ لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں پانچ سو روپے کی رعائت ملے گی، ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائےگا اور ایک مہینے میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔ اسکیم میں 800cc تک گاڑی استعمال کرنے والے پہلے کی طرح ہر دس روز میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعائت حاصل کریں گے، یوں ایک مہینہ میں 10 لیٹر کے 3 ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی چلتا رہے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل سکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن میسج کو بالکل مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم نے فیول ریلیف سکیم میں 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے، چنگ چی وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل ہو گئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف ریلیف سکیم کی ہر پہلو سے نگرانی خود کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع اور پٹرول پر رعائت کی باعزت و باآسانی اور بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل