Saturday, September 19, 2026
 

کراچی؛ گھر میں واردات؛ چور نقدی، زیور اور کچن کے برتن بھی لے گئے

 



بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن کی قائم خانی کالونی میں ایک گھر میں چوری کی واردات ہوئی، جہاں ملزمان گھر کی کنڈی تالے سمیت اکھاڑ کر داخل ہوئے اور نقدی، سونا اور گھریلو سامان لے گئے۔ فیملی کے مطابق واردات اس وقت کی گئی جب گھر کے افراد اسپتال میں موجود تھے۔ ملزمان نے پلاس کے ذریعے تالے کی کنڈی کو جڑ سے اکھاڑا اور گھر میں داخل ہوکر سامان چوری کیا۔ فیملی کے مطابق ملزمان گھر میں رکھے 20 ہزار روپے نقد اور تقریباً 50 ہزار روپے مالیت کا سونا لے گئے۔ سونا ہلکی مالیت کی ایک انگوٹھی اور بالیوں کی شکل میں تھا، جو بچی کی ولادت پر جاننے والوں کی جانب سے تحفے میں ملا تھا۔ متاثرہ خاندان نے بتایا کہ والد کو ڈائیلائسز کے لیے اسپتال لے کر گئے تھے، جبکہ والدہ سول اسپتال میں داخل ہیں اور آج ان کے پیر کا آپریشن ہے۔ گھر کے سربراہ نے بتایا کہ وہ کارپینٹر کا کام کرتے ہیں اور والدین کے علاج پر اپنی جمع پونجی خرچ کردی ہے۔ فیملی کے مطابق گھر میں جو کچھ تھوڑا بہت موجود تھا، وہ بھی چور لے گئے۔ ملزمان چولہا اور کچن میں رکھے اسٹیل کے گلاس تک اپنے ساتھ لے گئے۔ متاثرہ خاندان نے پولیس سے ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کی مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر کا سامان اور قیمتی اشیا چوری ہونے سے انہیں شدید نقصان کا سامنا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل