Saturday, September 19, 2026
 

امریکی یونیورسٹی نے مولانا طارق جمیل کو پی ایچ ڈی ڈگری دے دی

 



مولانا طارق جمیل کو امریکی انٹرنیشنل تھی ازم یونیورسٹی فلوریڈا کی جانب سے اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری دینے کی تقریب ہوئی، جس سے مولانا طارق جمیل نے خطاب کیا۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اعزازی ڈگری کے لیے منتخب ہونا میرے لیے اعزاز ہے، اس نے مجھے خوشی اور سعادت سے بھر دیا ہے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ میرے والد مجھے ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے، 11 سال کی عمر میں سنٹرل ماڈل اسکول میں داخل ہوا۔ میرے والد پڑھے لکھے شخص تھے اور قائداعظم کے ملتان کے دورے پر وہ اسٹیج سیکریٹری تھے۔ میں پرائمری اسکول سے شوق کی وجہ سے گانے لگ گیا تھا، مگر ہوتا وہی ہے جو اللہ کو منظور ہوتا ہے۔ جب دیگر طلبا کتابیں پڑھتے تھے تو میں فلمی رسالے پڑھتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نہ پڑھنے پر سب سے زیادہ اساتذہ کی مار میں نے کھائی۔ پورا سال پڑھتا نہیں تھا اور آخری دنوں میں نماز شروع کردی تھی۔ کتاب کو شروع اور آخر سے پڑھ کر یاد کرلیتا تھا۔ آٹھویں جماعت میں سنٹرل ماڈل اسکول میں سیکنڈ آیا تو اساتذہ بہت حیران ہوئے۔ میرے گانے کو ساتھی طلبا بہت پسند کرتے تھے، یہ میرا پس منظر تھا۔ مولانا طارق جمیل نے بتایا کہ ایک روز میرے ایک دوست نے جمعہ کے دن اچانک ساتھ لیا اور نیلا گنبد مسجد میں جمعہ پڑھنے لے گیا۔ اس وقت اس نے کہا کہ آج ہم نے تبلیغی جماعت میں جانا ہے۔ پہلے میں نے حیل وحجت کی مگر پھر چلا گیا۔ وہاں تین دن میرے چار مہینے بن گئے۔ اسی دوران ایک ساتھی نے مجھ سے پوچھا کہ کیا کررہے ہو تو میں نے بتایا کہ ڈاکٹر بن رہا ہوں، اس نے کہا کہ عالم بن جاؤ۔ انہوں نے کہا کہ معذرت کے ساتھ اس وقت ڈاکٹر معتبر ہوتے تھے، آج تو مریض ان کے لیے گاہک ہیں۔ میرے والد کو پتا چلا تو مجھے یہ کہہ کر گھر سے نکال دیا کہ اگر مولوی بننا ہے تو نکل جاؤ۔ میری والدہ، جو ان سے بھی سخت تھیں، انہوں نے نکلتے وقت مجھے 300 روپے دیے۔ یہ میرا دین کی طرف سفر تھا۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ساری اسلامی کتابوں کا خلاصہ قرآن، قرآن کا خلاصہ سورۃ فاتحہ اور سورۃ فاتحہ کا خلاصہ ’’ایاک نعبد و ایاک نستعین‘‘ ہے۔ اللہ ہر کمی سے پاک ہے۔ ہمارے نبی محترم کو جب ضرورت ہوتی تو نماز کے ذریعے اللہ سے مانگتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جب تک سب نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے آگے سر نہیں جھکاؤ گے تو کامیابی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے محبت کا دعویٰ تب ہی پورا ہوگا جب اللہ کے حبیب ﷺ کی محبت ہوگی۔ اللہ کا فرمان ہے کہ جب امت ان کی پیروی نہیں کرے گی تو ان کا ایمان نہیں۔ اللہ کے نبی ﷺ کے طریقے سے ہٹیں گے تو ذلیل ہوجائیں گے۔ یہ چیز آج ثابت ہوگئی کیونکہ آج 57 اسلامی ملک ہیں مگر دنیا میں ذلیل و خوار ہیں۔ یہ سب اللہ کے نبی ﷺ کا راستہ چھوڑنے کی وجہ سے ہے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ مرگئے اور ختم ہوگئے، وہ جان لیں کہ جیسے اللہ نے پہلے پیدا کیا ویسے ہی دوبارہ اٹھائے گا۔ اللہ نے آخرت میں حساب لینا ہے۔ جو نعمتیں اللہ نے دیں ان کے جواب میں اللہ پوچھے گا کہ آخرت کے لیے کیا لائے ہو۔ جس کے اعمال خالی ہوں گے اسے جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دھوکے کا گھر ہے، یہ آئیڈیل ہوم نہیں ہے۔ دنیا جتنی بھی بنالیں یہیں رہ جانا ہے، کامیابی آخرت کی تیاری میں ہے۔ اللہ سے ایمان والی موت مانگو۔ نیک بندے کی موت کے وقت فرشتے آجاتے ہیں اور اسے جنت کی بشارت دیتے ہیں۔ جنت کے لیے کوشش کریں اور جہنم سے پناہ والے اعمال کریں۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ دنیا میں جنت کے راستے میں مشکلات اور جہنم کے راستے میں مزے ہیں۔ اگر جنت اتنی آسان ہوتی تو جنت کے جوانوں کے سردار امام حسینؓ کو اپنی اولاد قربان نہ کرنا پڑتی۔ زندگی اپنی مرضی سے نہیں گزار سکتے، اللہ کے احکامات کے مطابق گزارنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا گھوما ہوں، اللہ سے جو دور ہیں سب سے زیادہ نشے وہیں استعمال کیے جاتے ہیں۔ جنت میں بے شمار نعمتیں ملیں گی جن کا شمار نہیں اور ہمیشہ ہوں گی، اس لیے جنت کے راستے پر چلیں۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ دنیا اس وقت دھوکے کا شکار ہے، یہ سب پروٹوکول اور جھنڈے والی گاڑیاں سب دھوکہ ہیں۔ پروٹوکول تو وہ ہوگا جب اللہ خود خوش آمدید کہے گا۔ جب اللہ کہے گا کہ میں راضی ہوگیا، وہی کامیابی ہوگی۔ تقریب سے مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن کے چیئرمین یوسف جمیل نے بھی خطاب کیا۔ یوسف جمیل نے کہا کہ میں اپنے بابا کے لیے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ ڈگری آپ کا اعزاز نہیں بلکہ یہ اس ڈگری کا اعزاز ہے۔ شہرت ملنا کامیابی نہیں بلکہ ڈلیور کرنا کامیابی ہے، مولانا صاحب نے دین کی خدمت کو ڈلیور کیا۔ یوسف جمیل نے کہا کہ عام طور پر والدین کو اولاد پر فخر ہوتا ہے مگر مجھے اپنے بابا پر فخر ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ آپ جیسے اور افراد امت کو دے جو امت کی تربیت کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل