Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی فوج کو ایران جنگ میں جھونک کر بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کروایا ہے اور ان حقائق کو چھپانے کی ہر ممکن کوشش بھی کی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی ایک تہلکہ خیز رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی اصل تعداد عوامی سطح پر جاری کردہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔
رپورٹ میں پینٹاگون کے اندرونی ریکارڈ تک رسائی رکھنے والے چھ امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا گیا ہے کہ اس فوجی تنازع میں اب تک کم از کم 22 امریکی فوجی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ امریکی محکمہ دفاع کے پبلک ڈیٹا بیس میں ہلاکتوں کی تعداد صرف 18 بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پینٹاگون کی جانب سے اصل حقائق کو چھپانے پر ان کے اپنے محکمے کے بعض عہدیداروں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب امریکی حکومت اور محکمہ دفاع نے اس رپورٹ کی سختی سے تردید کی ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے واشنگٹن پوسٹ کی اس رپورٹ کو سراسر جھوٹ قرار دیا ہے۔
تاہم، اخباری رپورٹ کے مطابق ان تمام ہلاکتوں کا براہ راست تعلق لڑائی سے نہیں ہے بلکہ ان میں وہ فوجی بھی شامل ہیں جو مشرق وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے دوران غیر جنگی مشنز یا دیگر حادثات کا شکار ہوئے اور پینٹاگون نے ان کے نام پبلک ڈیٹا بیس میں شامل نہیں کیے۔
امریکی سینیٹر ٹیمی ڈکورتھ سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے انکشافات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ پینٹاگون نے فی الحال ہلاکتوں کے ان اعداد و شمار میں واضح فرق کی کوئی باقاعدہ وضاحت پیش کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل