Thursday, September 24, 2026
 

ٹرمپ کی ایران کو دھمکی پر ایرانی سفارتخانے کا فلمی جواب، تیلگو فلم کا ایکشن سین شیئر

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی کے بعد زمبابوے میں موجود ایرانی سفارتخانے نے روایتی سفارتی بیان کے بجائے ایک فلمی انداز اختیار کرلیا۔ سفارتخانے نے تیلگو فلم ’بھگونت کیسری‘ کا ایکشن سے بھرپور 58 سیکنڈ کا منظر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے امریکی صدر کو طنزیہ جواب دیا۔ ویڈیو میں تیلگو سپر اسٹار نندا موری بالا کرشنا کو دکھایا گیا ہے، جبکہ منظر میں دو مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپ جاری ہے۔ دونوں اطراف موجود افراد رائفلوں، حفاظتی ڈھالوں اور دیگر ہتھیاروں سے لیس نظر آتے ہیں، جس سے ویڈیو کا پیغام واضح طور پر ایک جارحانہ اور دفاعی ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ Trump talks about annihilating Iran. But he knows Iran is not defenseless. Since we informed they have recently been watching Bollywood instead of Hollywood. pic.twitter.com/v6Le8zkH5X — Iran Embassy in Zimbabwe (@IRANinZIMBABWE) September 23, 2026 ایرانی سفارتخانے نے ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں ٹرمپ کے اس بیان پر طنز کیا کہ امریکا ایران کو تباہ کرنے کی بات کررہا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی اشارہ دیا کہ ایران اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سفارتخانے نے مزید لکھا کہ شاید یہی وجہ ہے کہ ٹرمپ ان دنوں ہالی ووڈ کے بجائے بالی ووڈ فلمیں دیکھ رہے ہیں۔ یہ طنزیہ ویڈیو ایسے وقت سامنے آئی جب ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران ایران کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں اپنے سامنے موجود دو راستوں کا ذکر کیا تھا۔ امریکی صدر نے کہا تھا کہ ان کے سامنے ایک بڑا فیصلہ ہے۔ ان کے بقول ایک راستہ ایسا معاہدہ ہے جس کے ذریعے ایران کو دوبارہ تعمیر ہونے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ملک بننے کا موقع دیا جاسکتا ہے، جبکہ دوسرا راستہ اسلامی جمہوریہ ایران کو تیزی سے تباہ کرنا ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ وہ اس بات کا فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں کہ ایران کو معاہدے کے ذریعے دوبارہ تعمیر کا موقع دیا جائے یا اسے فوری طور پر تباہ کردیا جائے تاکہ وہ دوبارہ دوسرے لوگوں اور ممالک کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ ایرانی سفارتخانے کی جانب سے فلمی منظر کا انتخاب اسی بیان کے جواب کے طور پر سامنے آیا، جس نے سوشل میڈیا پر سفارتی ردعمل کو ایک غیر معمولی اور طنزیہ رنگ دے دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل