Thursday, September 24, 2026
 

نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ یونٹ-1 میں 427 روزہ طویل آپریشن، نیا ریکارڈ قائم

 



نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ یونٹ-1 نے 427 روزہ مسلسل آپریشن کے ساتھ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-1 (C-1) نے اپنے آپریشن کے 18ویں مرحلے میں مسلسل 427 روز تک محفوظ اور بلا تعطل آپریشن جاری رکھتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی تاریخ میں کسی بھی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے مسلسل آپریشن کی طویل ترین مدت کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ C-1 نے ورلڈ ایسوسی ایشن آف نیوکلیئر آپریٹرز (WANO) کے پرفارمنس انڈیکیٹر انڈیکس میں 2026 کی پہلی دو سہ ماہیوں کے دوران ہر سہ ماہی میں 100 کا اسکور حاصل کیا، جس کے باعث آپریشنل کارکردگی، قابلِ اعتماد آپریشن اور تحفظ کے اعتبار سے C-1 دنیا کے نمایاں نیوکلیئر پاور پلانٹس میں شامل ہو گیا۔ یہ کامیابی چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ اسٹیشن (CNPGS) کے انجینئرز، سائنسدانوں اور دیگر عملے کی تکنیکی مہارت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظہر ہے، جسے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی انتظامیہ کی مسلسل رہنمائی اور نیوکلیئر سیفٹی کے اعلیٰ معیارات پر مکمل عملدرآمد نے مزید مستحکم بنایا ہے۔ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ یونٹ (C1) کی یہ کارکردگی نیوکلیئر پاور کی قابلِ اعتماد اور کم لاگت ہونے کی صلاحیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ ستمبر 2026ء میں سینیٹ آف پاکستان میں پیش کی گئی معلومات کے مطابق CNPGS سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 6.876 روپے فی یونٹ رہی، جو پن بجلی کے بعد بجلی پیدا کرنے کی دوسری کم ترین لاگت ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اس وقت مجموعی طور پر 3,530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل چھ نیوکلیئر پاور پلانٹس چلا رہا ہے جو قومی گرڈ کو صاف، پائیدار اور کم لاگت بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ C-1 کی جانب سے قائم کیا گیا یہ ریکارڈ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے اپنے نیوکلیئر پاور پلانٹس کو محفوظ، مؤثر اور قابلِ اعتماد انداز میں چلانے کے ذریعے پاکستان کی توانائی کے تحفظ میں ادا کیے جانے والے کردار کو مزید اجاگر کرتا ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے CNPGS کی پوری ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان تمام افراد کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور خدمات کو سراہا جنہوں نے اس کامیابی کے حصول میں اپنا کردار ادا کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل