Friday, September 25, 2026
 

نیتن یاہو کی اقوام متحدہ آمد پر نیویارک میں احتجاج کرنے والے 103 مظاہرین گرفتار

 



اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر نیویارک میں مختلف احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس کے دوران پولیس نے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ الجزیرہ کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں جمعرات کو سیکڑوں مظاہرین نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے قریب دھرنا دیا اور سڑک کا ایک حصہ ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا اور پولیس سے مڈبھیڑ بھی ہوئی تھی۔ نیویارک پولیس نے بتایا کہ 103 افراد کو امنِ عامہ میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تاہم بعد ازاں تمام افراد کو رہا کردیا گیا جبکہ مظاہرے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والوں میں 9 منتخب عہدیدار اور انتخابی امیدوار بھی شامل تھے۔ یہ احتجاج یہودی تنظیم جیوش وائس فار پیس اور نیویارک ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکا کی قیادت میں کیا گیا تھا جس میں منتظمین کے مطابق 400 سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے غزہ میں جاری جنگ اور امریکا کی جانب سے اسرائیل کو فوجی امداد کی فراہمی کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ اور امریکی حکومت سے غزہ کی صورتحال پر مزید اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد ازاں فلسطینی یوتھ موومنٹ اور دی پیپلز فورم کے زیر اہتمام ایک الگ مارچ بھی کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کی جانب مارچ کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے جنرل اسمبلی خطاب میں غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں پر نسل کشی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے اسے صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دیا تھا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل