Monday, September 28, 2026
 

’اسپٹنگ امیج‘ سے شہرت پانے والے مشہور کامیڈین چل بسے

 



برطانوی کامیڈین اور موسیقار رونی گولڈن 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کا اصل نام ٹونی ڈی میور تھا اور ان کے انتقال کی خبر ان کی ساتھی اور فلم پروڈیوسر گریس کارلی نے دی۔ ٹونی ڈی میور نے 1980 کی دہائی کے معروف کامیڈی پروگرام ’دی ینگ ونز‘ کی دوسری قسط میں اداکاری کی تھی، جہاں وہ رک مایال اور ایڈ ایڈمنڈسن کے ساتھ نظر آئے۔ بعد ازاں وہ طنزیہ اور مقبول ٹی وی شو ’اسپیٹنگ امیج‘ کا بھی حصہ بنے، جسے اپنے عروج کے دور میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ ناظرین دیکھا کرتے تھے۔ لندن میں پیدا ہونے والے ٹونی نے 1975 میں میوزک بینڈ ’دی فیبولس پوڈلز‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ وہ اس گروپ کے گلوکار اور گٹارسٹ تھے۔ بینڈ نے بعد میں میٹ لوف، ٹام پیٹی اور چک بیری جیسے بڑے فنکاروں کے ساتھ دورے کیے، تاہم کچھ عرصے بعد یہ گروپ ختم ہوگیا۔ موسیقی کے بعد ٹونی نے کامیڈی کی دنیا میں قدم رکھا اور لندن کے متبادل کامیڈی سرکٹ میں اپنی پرفارمنسز کے باعث پہچان بنائی۔ وہ ’دی کامک اسٹرپ‘ جیسے پروگرام میں بھی اپنے برجستہ اسٹینڈ اپ کامیڈی انداز کے ساتھ نظر آئے۔ بعد کے برسوں میں وہ میوزیکل کامیڈی کے حوالے سے بھی سرگرم رہے۔ ان کے انتقال پر کامیڈی اور موسیقی سے وابستہ کئی شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کامیڈین چارمیئن ہیوز نے ٹونی کو اپنے طویل عرصے سے ساتھی فنکار اور حقیقی کامیڈی دوست قرار دیتے ہوئے ان کی گریس کارلی کے ساتھ خوشگوار زندگی کو بھی یاد کیا۔ میوزیکل کامیڈین اسٹیو گرِبن نے بھی رونی گولڈن کو کامیڈی کی دنیا کی ایک لیجنڈ، بہترین موسیقار اور خوش مزاج انسان قرار دیا۔ انہوں نے یاد کیا کہ ہر سال کامیڈینز کی کرسمس پارٹی میں ٹونی سے ملاقات ہوتی تھی اور ان کی کہانیاں سن کر محفل میں جان آجاتی تھی۔ اسٹیو گرِبن کے مطابق ٹونی موسیقی سے غیر معمولی محبت کرتے تھے، بہترین قصہ گو تھے اور ایک انتہائی خوش مزاج انسان تھے۔ انہوں نے اپنی تعزیتی پیغام میں گریس کارلی اور ٹونی کے خاندان سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل