Wednesday, September 30, 2026
 

کراچی؛ انتہائی مطلوب ٹی ٹی پی دہشتگرد گرفتار، دستی بم برآمد

 



کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے ریڈ بک میں انتہائی مطلوب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) صوفی محمد گروپ کے دہشت گرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دستی بم برآمد کرلیا۔ ترجمان کے مطابق ایس آئی یو پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر ڈاکس تھانے کی حدود میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) صوفی محمد گروپ کے ریڈ بک میں انتہائی مطلوب دہشت گرد نیک اختیار عرف گل بادشاہ بختیار کو گرفتار کر کے دستی بم برآمد کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی صوفی محمد گروپ دیر سے ہے جو کہ خیبر پختونخوا (کے پی) میں متحرک ایریا کمانڈر تھا اور اس کی گرفتاری پر حکومت خیبرپختونخوا نے 30 لاکھ روپے انعام بھی مقرر کیا ہوا تھا۔ ایس آئی یو پولیس کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد کا نام محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کی جانب سے شائع کردہ ریڈ بک کے تیسرے ایڈیشن میں شامل ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد ریاست مخالف سرگرمیوں، دہشت گردی، گاڑیاں چوری اور اغوا برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور وہ تربیت کے لیے متعدد بار افغانستان بھی جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کے خلاف تھانہ اوچ، لوئر دیر اور خیبر پختونخوا میں 19 سنگین مقدمات درج ہیں، جس میں وہ مطلوب تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس آئی یو پولیس نے گرفتار دہشت گرد کے خلاف مقدمہ نمبر 334 سال 2026 بجرم دفعات 4/5 ایکسپلوزیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل بھی جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل