Loading
بالی ووڈ کے معروف فلمساز کرن جوہر نے اپنے مقبول چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ شو کا آنے والا نواں سیزن اس پروگرام کا آخری سیزن ہوگا، جس کے بعد کرن جوہر اپنی توجہ فلم سازی اور نئی کہانیاں پیش کرنے پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔
اپنے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کرن جوہر نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کے اگلے 10 برس فلمیں بنانے اور مزید کہانیاں سنانے میں صرف کرنا چاہتے ہیں، اسی مقصد کے تحت انہوں نے بھاری دل کے ساتھ ’کافی ود کرن‘ کے اختتام کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ ان کے لیے جذباتی ہونے کے ساتھ ساتھ ذاتی نوعیت بھی رکھتا ہے۔
’کافی ود کرن‘ کی ابتدا 2004 میں ہوئی تھی اور پہلے ہی سیزن کی افتتاحی قسط میں شاہ رخ خان اور کاجول مہمان بن کر شریک ہوئے تھے۔ پروگرام کے ابتدائی سیزن میں امیتابھ بچن اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ، جبکہ ایشوریا رائے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کے ہمراہ شو کا حصہ بنی تھیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ یہ پروگرام بالی ووڈ شخصیات کی بے تکلف گفتگو، ان کی دوستیوں، محبت، شادی، علیحدگی اور بعض متنازع انکشافات کے باعث خود بھی خبروں میں جگہ بناتا رہا۔
کرن جوہر کا یہ معروف پروگرام اب اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور نواں سیزن 14 اکتوبر 2026 کو جیو ہاٹ اسٹار پر خصوصی طور پر نشر کیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل