Loading
تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والی پرواز کے مسافروں کو بالآخر متبادل طیارے کے ذریعے اسرائیل پہنچا دیا گیا۔
دبئی سے اسرائیل جانے والی غیر ملکی فضائی کمپنی کی پرواز میں دورانِ سفر پیش آنے والی غیر معمولی صورتحال کے بعد طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔ پرواز نے تبوک کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، جہاں بیشتر اسرائیلی شہریوں سمیت دیگر مسافر موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق پرواز دورانِ سفر تقریباً 37 ہزار فٹ کی بلندی سے اچانک تیزی سے نیچے آئی اور تقریباً 18 ہزار فٹ کی سطح تک پہنچ گئی۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے دوسرے پائلٹ نے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی تاہم مبینہ طور پر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق دونوں پائلٹوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے دوران طیارے کی بلندی مزید کم ہوئی۔ صورتحال سنگین ہونے پر ہنگامی اور مبینہ طور پر طیارہ اغوا کیے جانے کا مخصوص کوڈ بھی جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے کا رخ اردن کی فضائی حدود سے تبدیل کرکے سعودی عرب کی طرف کیا گیا اور اسے تبوک میں اتارا گیا۔ لینڈنگ کے فوری بعد سعودی سکیورٹی اہلکاروں نے طیارے کو گھیرے میں لے لیا۔
واقعے کے بعد پائلٹوں کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئیں۔ تفتیش کار پرواز کے ریکارڈ اور طیارے کے بلیک باکس سے حاصل ہونے والی معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ دورانِ پرواز پیش آنے والے واقعات اور پائلٹوں کے درمیان تنازع کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔
دوسری جانب مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے تبوک سے تل ابیب روانہ کردیا گیا، جہاں وہ بحفاظت پہنچ گئے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل