Wednesday, September 30, 2026
 

کراچی؛ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور خونی حادثہ، نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا

 



کراچی میں واٹر ٹینکر سے ایک اور جان لیوا خونی حادثے میں نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، مشتعل عوام نے پتھراؤ کر کے واٹر ٹینکر کے شیشے توڑ دیے تاہم ڈرایئور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا۔  پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک نمبر قذافی چوک کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ، موقع پر موجود مشتعل عوام نے پتھراؤ کر کے واٹر ٹینکر کا ونڈ اسکرین اور دیگر شیشے توڑ دیے جبکہ متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔ ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی شناخت 25 سالہ محمد عمر کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن خمیسو خان نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے، جس کی تلاش کا عمل جاری ہے تاہم پولیس نے واٹر ٹینکر قبضے میں لے کر تھانے منقتل کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متوفی نوجوان بھی اسی علاقے کا رہائشی بتایا جاتا ہے تاہم پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔   ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن چوہدری شاہد نے بتایا کہ رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں 682 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 530 مرد، 77 خواتین، 57 بچے اور 18 بچیاں شامل ہیں، اسی طرح ٹریفک حادثات میں 8 ہزار 804 افراد زخمی ہوئے، جن میں 6 ہزار 679 مرد ، 1552 خواتین، 435 بچے اور 138 بچیاں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں رواں سال کے 273 روز میں ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 206 افراد زندگی سے محروم ہوگئے، جن میں سب سے زیادہ 96 جان لیوا حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 48 افراد، بس کی ٹکر سے 28 افراد، مزدا کی ٹکر سے 20 اور 14 افراد ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل