Wednesday, September 30, 2026
 

جولائی تا اگست، ترسیلات زر و غیرملکی سرمایہ کاری میں بڑا اضافہ ریکارڈ

 



مالی سال 2026 کے ابتدائی ماہ جولائی تا اگست کے ترسیلات زر میں 14.7 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ترسیلات زر 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر جولائی تا اگست 14.7 فیصد اضافے سے 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، اسی طرح جولائی تا اگست براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 24 فیصد اضافے سے 494.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ اگست میں ترسیلات زر 16.5 فیصد اضافے سے 3.7 ارب ڈالر ریکارڈ ہوئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی تا اگست برآمدات 4 فیصد اضافے سے 5.44 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 11.4 فیصد بڑھ کر 11.6 ارب ڈالر رہیں، جولائی تا اگست جاری کھاتے کا خسارہ 853 ملین ڈالر سے کم ہو کر 543 ملین ڈالر رہ گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ جولائی تا اگست مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 80.2 فیصد اضافے سے 562.2 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 26.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر ذخائر 23.2 ارب ڈالر تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اگست فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیاں 3.7 فیصد اضافے سے ایک ہزار 722 ارب روپے تک پہنچ گئیں جبکہ جولائی تا اگست زرعی قرضوں کا حجم 16.4 فیصد اضافے سے 271.9 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ مہنگائی کے حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ جولائی تا اگست مہنگائی کی شرح 3.6 فیصد سے بڑھ کر 10.2 فیصد ہوگئی اور اگست میں مہنگائی کی شرح 3.1 فیصد سے بڑھ کر 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کی شرح نمو 8.93 فیصد سے کم ہو کر 3.03 فیصد رہ گئی ہے تاہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا اشاریہ ستمبر میں 3.51 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 69 ہزار 600 پوائنٹس پر پہنچ گیا اور جولائی میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 38.8 فیصد اضافہ ہوا اور 10 ہزار 199 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل