Loading
امریکی میوزک بینڈ ’لیڈی اے‘ کے گلوکار چارلس کیلی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ملٹی پل مائیلوما نامی خون کے کینسر میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
45 سالہ گلوکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں بتایا۔ ویڈیو میں ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
چارلس کیلی کے مطابق انہیں اچانک پسلیوں میں فریکچر کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے مختلف خون کے ٹیسٹ کروائے۔ انہی طبی معائنوں میں ایک ٹیسٹ کے ذریعے بیماری کی تشخیص ہوئی۔
گلوکار نے مداحوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ خود کو صحت مند محسوس کر رہے ہیں اور اپنے علاج کے حوالے سے پُرامید ہیں۔
View this post on Instagram
ملٹی پل مائیلوما کیا ہے؟
ملٹی پل مائیلوما خون کے کینسر کی ایک قسم ہے جو ہڈیوں کے گودے میں موجود پلازما سیلز سے شروع ہوتی ہے۔ اس بیماری میں غیر معمولی پلازما سیلز کی تعداد بڑھنے لگتی ہے، جس سے صحت مند خون کے خلیات بننے کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔
یہ بیماری ہڈیوں، گردوں اور جسم کے دیگر حصوں کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں ہڈیوں کی کمزوری، خصوصاً کمر، کولہوں اور پسلیوں میں درد یا فریکچر ہوسکتا ہے۔
بعض مریضوں میں خون کی کمی کے باعث تھکن، کمزوری اور سانس پھولنے جیسی علامات بھی سامنے آسکتی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق ملٹی پل مائیلوما کو عام طور پر مکمل طور پر قابلِ علاج بیماری نہیں سمجھا جاتا، تاہم جدید علاج کی مدد سے اسے کنٹرول کرنے اور مریضوں کی بقا کے امکانات میں بہتری آئی ہے۔ علاج کا انتخاب مریض کی حالت کے مطابق کیا جاتا ہے اور اس میں ٹارگٹڈ ادویات، امیونو تھراپی، کیموتھراپی اور بعض صورتوں میں اسٹیم سیل ٹرانسپلانٹ شامل ہوسکتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل