Friday, October 02, 2026
 

وفاقی وزیر صحت کا ایم ڈی کیٹ 2026 سے متعلق شکایات پر نوٹس

 



وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 سے متعلق شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وزارت صحت کو 15 روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت سندھ اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)  ایم ڈی کیٹ منعقد کرنے والی یونیورسٹی کے ساتھ مل کر امتحان کے انعقاد سے متعلق شکایات کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایم ڈی کیٹ2026 کے انعقاد میں شفافیت اور فیئر پلے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، سوشل میڈیا پر بھی متعدد شکایات سامنے آئی ہیں اور عوامی نمائندوں کی جانب سے بھی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ امتحانی مراکز کے نتائج، نمبرز، فیصد اور پاس ریٹ کا تقابلی جائزہ لیا جائے گا، ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں زیادہ نمبر غیرمعمولی یا نمایاں فرق کا بھی جائزہ لیا جائے گا، حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سینٹر ریکارڈ اور نتائج کا ڈیٹا انکوائری کا حصہ ہوگا۔ وزارت صحت نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ میں بے ضابطگی، غیر مجاز معاونت، جعل سازی، سوالات کے افشا اور انتظامی غفلت کی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا، تکنیکی خرابی یا کسی بھی بے ضابطگی سے امتحان متاثر ہونے کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی کے امتحان کے انعقاد اور نتائج مرتب کرنے سے متعلق تمام متعلقہ ریکارڈ بھی فراہم کرے گا، ایم ڈی کیٹ میں غیر مجاز معاونت، جعل سازی اور سوالات کے افشا کی شکایات زیر جائزہ آئیں گی۔ وزیر صحت نے ایم ڈی کیٹ 2026 انکوائری رپورٹ 15 روز میں وزارت صحت کو پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل