Friday, October 02, 2026
 

لیوی ختم نہ کیا تو لاکھوں افراد اسلام آباد کا رخ کریں گے، حافظ نعیم

 



امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر قوم کو دھوکا دے رہی ہے، عوام سے پٹرول پر لیوی کے نام پر اضافی رقم وصول کی جارہی ہے، حکومت نے لیوی ختم نہ کی تو لاکھوں افراد اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا ریلیف پیکیج ناکافی ہے، حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرے، بصورت دیگر جماعت اسلامی طویل دھرنے اور جدوجہد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کا نام لے کر غریبوں کی جیبوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں، جبکہ اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کررہے آئی ایم ایف نے عوام سے لیوی وصول کرنے کا نہیں کہا۔ جماعت اسلامی سیاسی عمل اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور حکومت سے مذاکرات کے کئی ادوار میں اپنا مؤقف واضح کرچکی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کو دی گئی مہلت ختم ہورہی ہے، وزیراعظم ملاقات کریں یا نہ کریں، پٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ ایسا نہ کیا گیا تو عوام اسلام آباد کی طرف نکلیں گے اور جماعت اسلامی طویل دھرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی سیاسی رہنما یا خاندان کے لیے نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے ہے، عوام کے مسائل اب سیاسی جماعتوں کو جواب دہ بنائیں گے اور جو سیاست کرنا چاہتا ہے اسے عوام کی آواز بننا ہوگی۔ امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ ملک میں چینی، آٹا، پٹرول اور لینڈ مافیا سمیت بااثر طبقات کا اثر و رسوخ موجود ہے ان کے بقول مختلف ادوار کی حکومتوں میں یہ عناصر شامل رہے ہیں اور عوام اب بڑی سیاسی جماعتوں اور مافیاز کے مبینہ گٹھ جوڑ کو سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریفائنریز کو اربوں روپے ادا کرتی ہے لیکن عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے حکومت بتائے کہ ہر لٹر پٹرول پر 80 روپے لیوی اور 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی کس مد میں وصول کی جارہی ہے؟ ان کے مطابق اربوں روپے وصول کرنے کے باوجود ریفائنریز کی بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے ایف بی آر میں سالانہ 1300 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کی ناکامی کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے، جبکہ حکمران اپنی مراعات اور اخراجات کم نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی سیاسی جماعت کے بجائے عوام کے ساتھ اتحاد کرے گی اور اس کی جدوجہد موجودہ نظام کے خلاف جاری رہے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل