Loading
جامعہ کراچی کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے زبوں حالی کا شکار یونیورسٹی انفراسٹرکچر کی بحالی اور تعمیر نو اور بجلی کی بچت و متبادل ذرائع کے استعمال کے سلسلے میں کلیہ جاتی کمیٹیز قائم کردی ہیں۔
رجسٹرار جامعہ کراچی ڈاکٹر عمران احمد کی جانب سے اس سلسلے پیر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق تشکیل دی گئی کمیٹی میں متعلقہ فیکلٹی کے ڈین(رئیس کلیہ)، متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان، نمائندہ شعبہ انجینئرنگ سہیل احمد صدیقی، نمائندہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ عارف صلاح الدین، کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان اور ڈپٹی رجسٹرار (جنرل ایڈمنسٹریشن) فرمان رسول بحیثیت رکن/سیکریٹری کمیٹیز میں شامل ہونگے۔
کمیٹی کے فرائض / Terms of Reference میں عمارات، کلاس رومز، لیبارٹریز، دفاتر، سڑکوں، راستوں، یوٹیلیٹیز اور دیگر بنیادی ڈھانچوں کی موجودہ حالت کا جائزہ لینا، فیکلٹی کے لحاظ سے جگہ کی تقسیم اور استعمال کا جائزہ لینا اور دستیاب جگہ و وسائل کے بہترین اور مؤثر استعمال کے لیے اقدامات تجویز کرنا ہوگا مزید یہ کہ ایسے بنیادی ڈھانچے کی نشاندہی کرنا جسے فوری مرمت، تزئین و آرائش، بحالی یا تعمیر نو کی ضرورت ہو اور ضروری ترجیحات مقرر کرنا بھی ہوگی۔
کمیٹی یونیورسٹی کے توانائی کے استعمال، کھپت کے طریقوں اور موجودہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لے کر توانائی کی کارکردگی، بچت اور اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات تجویز کرے گی جن میں شمسی توانائی اور دیگر قابلِ تجدید توانائی کے حل کی فزیبلٹی بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں باغات، سبز مقامات اور دیگر بیرونی علاقوں کا جائزہ لینا اور مناسب زمین کی تزئین، شجرکاری، آبپاشی اور کیمپس کی خوبصورتی کے اقدامات تجویز کرنا بھی کمیٹیز کی ذمے داریوں میں شامل ہوگا اسی طرح یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے اور کیمپس کی سہولیات کی باقاعدہ دیکھ بھال، توانائی کے انتظام، سیکیورٹی اور پائیدار انتظام کے لیے اقدامات تجویز کرنا اورعمل درآمد اور رپورٹنگ کا طریقۂ کار وضع کرنا شامل ہوگا۔
کمیٹی اس نوٹیفکیشن کے اجراء کے 30 دن کے اندر اپنی فیکلٹی کے لحاظ سے جائزہ اور جامع بحالی کا منصوبہ وائس چانسلر کو پیش کرے گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق انجینئرنگ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کمیٹی کو ضروری تکنیکی معاونت، لاگت کا تخمینہ، پراجیکٹ پلانز اور عمل درآمد میں معاونت فراہم کریں گے تمام متعلقہ دفاتر اور شعبہ جات کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور یونیورسٹی کے احاطے سے متعلق ضروری معلومات، ریکارڈ، تکنیکی معاونت اور رسائی فراہم کریں گے نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل