Wednesday, October 07, 2026
 

14 سال سے آپ دھرنوں پر لگے ہوئے ہیں اب آپ کو فیض نہیں ملنا، عظمیٰ بخاری

 



وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 14 سال سے آپ دھرنوں پر لگے ہوئے ہیں اب آپ کو فیض نہیں ملنا، فیض اب جاچکا ہے۔ لاہور میں صوبائی وزیر بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک وزیر اعلیٰ لاہور آیا تھا کیا ملا اسے خالی ہاتھ واپس گیا، یہ ملاقات مانگ رہے ہیں ایسے ملاقات نہیں ہونی، دوسرے مرتبہ نومئی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک ایسا گروہ موجود ہے جسے ملک میں ہونے والی ہر اچھی خبر سے تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ جیسا منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور کے ’ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر‘ کے وعدے عملی شکل اختیار نہ کر سکے،  پنجاب حکومت کے منصوبے اور سابق حکومت کے ہاؤسنگ منصوبے میں بنیادی فرق ماڈل کا ہے، پنجاب کے منصوبے میں قرض پر سود صوبائی حکومت ادا کر رہی ہے جبکہ سابق منصوبے میں سود کی ادائیگی شہریوں کو کرنا تھی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کا سکرول آف آنر ایوارڈ ملا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی عوامی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ایوارڈ کے لیے منتخب 5 منصوبوں میں پنجاب کا منصوبہ پہلے نمبر پر آیا جو صوبے کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو چھت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ منصوبے کا آغاز 2024 میں ہوا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب 5 سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف رکھتی ہیں اور منصوبہ اسی رفتار سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ایک سے 10 مرلہ تک کا پلاٹ رکھنے والے افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی ادائیگی 9 سال میں کی جاتی ہے، منصوبہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہے اور اس میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ عالمی ایوارڈ صرف وزیراعلیٰ مریم نواز کا نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والے منصوبوں میں شامل ہے۔ منصوبے کے تحت 2 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو رقوم فراہم کی جا چکی ہیں، ایک لاکھ 22 ہزار خاندان اپنے گھروں میں رہنا شروع کر چکے ہیں، جبکہ 278 ارب روپے کی رقم عام آدمی میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام رقم سود سے پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے ہاؤسنگ کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور کم آمدن والے خاندانوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق منصوبہ صرف 2 سال کی کم ترین مدت میں اس بڑے پیمانے تک پہنچا۔ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں ایک گھر بھی مکمل نہیں ہوا، جبکہ موجودہ حکومت کو دھرنوں یا سیاسی نعروں پر نہیں بلکہ عوامی خدمت کے عملی منصوبوں پر عالمی سطح پر اعزاز مل رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل