Friday, October 09, 2026
 

28 سال سے پیدل دنیا گھومنے والے کا سفر اختتام کے قریب

 



دنیا گھومنے کے لیے لوگ جہاز، ٹرین اور گاڑی کا سہارا لیتے ہیں، لیکن ایک برطانوی شخص نے پوری دنیا کا چکر لگانے کے لیے صرف اپنے قدموں پر بھروسا کیا۔ اور یہ سفر چند ماہ یا چند سال نہیں بلکہ پورے 28 سال جاری رہا! برطانوی مہم جو کارل بشبی نے 1998 میں چلی سے اپنا سفر شروع کیا تھا۔ مقصد تھا دنیا کا چکر پیدل مکمل کرنا، اور اس کے لیے انہوں نے اپنے اوپر کچھ سخت اصول بھی لاگو کیے۔ سفر کے دوران کسی قسم کی ٹرانسپورٹ استعمال نہیں کرنی اور چیلنج مکمل ہونے تک گھر واپس نہیں آنا۔ 57 سالہ سابق پیراٹروپر اس دوران تقریباً 50 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے 29 ممالک سے گزرے, لیکن یہ عام پیدل سفر نہیں تھا۔ راستے میں جنگ زدہ علاقے، ویزا پابندیاں، مالی مشکلات، کورونا کی پابندیاں اور کئی جغرافیائی رکاوٹیں بھی ان کے سامنے آئیں۔ کارل بشبی نے خطرناک ڈیرین گیپ عبور کیا، بیرنگ آبنائے کو پیدل مشرق سے مغرب کی جانب عبور کرنے والے پہلے شخص بنے، جبکہ بحیرہ کیسپین میں 184 میل تیراکی بھی کی۔ اب 28 سال بعد وہ برطانیہ واپس پہنچ چکے ہیں۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ سفر ابھی مکمل نہیں ہوا۔ انگلش چینل تیر کر ڈوور پہنچنے کے بعد اب انہیں مزید تقریباً 400 کلومیٹر پیدل چل کر اپنی والدہ کے گھر ہل پہنچنا ہے۔ کارل بشبی نے ساحل پر قدم رکھتے ہوئے کہا کہ اتنے برس بعد برطانوی سرزمین کو قدموں تلے محسوس کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔ یعنی جس گھر سے 28 سال پہلے نکلے تھے، اب اسی گھر واپسی کے لیے سفر کے صرف آخری چند قدم باقی رہ گئے ہیں۔۔۔ اور شاید اس طویل سفر کا سب سے خوبصورت اختتام بھی یہی ہوگا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل