Saturday, October 10, 2026
 

تیسرا بین الاقوامی سیرت فیسٹیول 12 اکتوبر سے شروع ہوگا

 



قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام تیسرا بین الاقوامی سیرت فیسٹیول 12 اکتوبر سے شروع ہوگا، جو 14 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ 3روزہ فیسٹیول میں مختلف علمی، ادبی اور مذہبی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ہوں گے، جو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ فیسٹیول کے دوسرے روز 13 اکتوبر کو بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال شرکت کریں گے۔ اس موقع پر کتابوں کی تقریب رونمائی بھی منعقد کی جائے گی، جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ ہوں گے۔ فیسٹیول کے دوران مختلف علمی موضوعات پر سرگرمیوں کے ساتھ کتابوں اور ادبی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ تین روزہ بین الاقوامی سیرت فیسٹیول میں کتاب میلہ، خطاطی کی نمائش، بین الاقوامی کانفرنس، تقریری مقابلہ، محفل نعت اور مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر علمی و ادبی سرگرمیاں بھی پروگرام کا حصہ ہوں گی۔ فیسٹیول میں سیرت النبیﷺ سے متعلق مختلف سرگرمیوں کے ذریعے تعلیمات نبویﷺ کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ فیسٹیول کے آخری روز 14 اکتوبر کو سیرت یوتھ کنونشن منعقد ہوگا، جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان ہوں گے۔ قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد سیرت النبیﷺ کی تعلیمات کو فروغ دینا اور بالخصوص نوجوانوں کو پیغام سیرت سے روشناس کرانا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل