Sunday, October 11, 2026
 

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی نیویارک میں لاہور لٹریری فیسٹیول میں شرکت

 



امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ایشیا سوسائٹی نیویارک کے زیر اہتمام لاہور لٹریری فیسٹیول میں شرکت کی۔ 10 اکتوبر 2026 کو منعقدہ فیسٹیول میں ممتاز ادیبوں، دانشوروں اور فنکاروں نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے لاہور کے شاندار تاریخی، ثقافتی اور ادبی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پاکستان کی ثقافتی، ادبی اور فکری شناخت کا اولین اور اہم ترین مرکز ہے۔ لاہور کی تہذیبی عظمت، ادبی روایات اور ثقافتی رنگا رنگی اپنی مثال آپ ہیں۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ قراردادِ لاہور بھی سیاسی ادب کا ایک ایسا لازوال شاہکار ہے جس نے حقیقی روپ دھار کر پاکستان کو فکری اساس فراہم کی۔ لاہور نے پاکستان کے ادب، فلم اور فنونِ لطیفہ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا اور قومی تاریخ کے مختلف ادوار میں تخلیقی صلاحیتوں اور فکری مکالمے کا سرچشمہ رہا ہے۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ لاہور کی تاریخی اور ثقافتی روایات کا تسلسل پاکستان کی قومی شناخت کا لازمی جزو ہے۔ امریکہ میں نیویارک کو جو مقام حاصل ہے، پاکستان میں لاہور بھی اسی نوعیت کی ثقافتی اور فکری اہمیت رکھتا ہے۔ لاہور لٹریری فیسٹیول کو ادب اور بین الاقوامی ثقافتی روابط کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔ قونصل جنرل پاکستان نیویارک عامر احمد آتوزئی بھی سفیر رضوان سعید شیخ کے ہمراہ فیسٹیول میں شریک ہوئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل