Sunday, October 11, 2026
 

کراچی میں 10 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ

 



کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں 10 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ  کردی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں 11 اکتوبر سے 20 اکتوبر2026 تک 5 سے زائد افراد کے اجتماعات، احتجاج، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ اور پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شہر کی اہم شاہراہوں، چوراہوں اور گول چکروں پر احتجاج، مظاہروں اور دھرنوں کے باعث شدید ٹریفک جام ہوتا ہے، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہوتی ہے اور سیکیورٹی خدشات بھی پیدا ہوتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ سڑکوں کی بندش سے ہنگامی خدمات کی آمدورفت متاثر ہوتی ہے اور اسپتالوں تک رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں، اس کے علاوہ عوامی اور تجارتی سرگرمیوں میں خلل پڑنے اور امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوامی امن و امان برقرار رکھنے، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، عوامی تحفظ و سلامتی یقینی بنانے اور ضروری خدمات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے یہ پابندی عائد کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے گی۔ شہر میں دفعہ 144 کے تحت متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 195(1)(الف) کے تحت تحریری شکایات درج کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جاسکے گی۔ نوٹیفکیشن میں 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی درج ہے، تاہم اس کا اطلاق مخصوص شرائط اور نوٹیفکیشن کے قانونی متن کے مطابق ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل