Wednesday, October 14, 2026
 

امریکا: کسان نے 1431 کلو گرام وزنی دیوہیکل کدو اگا لیا، عالمی ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان

 



امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں ایک کسان نے 1431 کلو گرام وزنی دیوہیکل کدو اگا کر دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی، جب کہ اس غیر معمولی کدو سے ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل قائم ہونے والا عالمی ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رہوڈ آئی لینڈ کے شہر کووینٹری سے تعلق رکھنے والے کسان رون والیس نے اپنا دیوہیکل کدو وارن میں منعقدہ سدرن نیو انگلینڈ جائنٹ پمپکن ویٹ آف مقابلے میں پیش کیا، جہاں اس کا باضابطہ وزن تقریباً 1431 کلو گرام ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ دنیا کا پہلا معلوم کدو ہے جس کا وزن تقریباً 1361 کلوگرام سے تجاوز کر گیا ہے۔ اگر گینیز ورلڈ ریکارڈز مقابلے میں ریکارڈ کیے گئے وزن کی تصدیق کردیتا ہے تو یہ کدو نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلے گا۔ اس سے قبل 3 اکتوبر کو انگلینڈ کی کاؤنٹی برکشائر کے علاقے وارگریو میں منعقدہ مقابلے میں ایک دیوہیکل کدو کا تقریباً 1296 کلوگرام ریکارڈ کیا گیا تھا۔ رون والیس اس سے قبل بھی کدو کی کاشت میں عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ 2012 میں وہ دنیا کے پہلے کاشت کار بنے تھے جنہوں نے ایک ٹن سے زیادہ وزن کا کدو اگانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ گینیز ورلڈ ریکارڈز کی باضابطہ تصدیق کے بعد اس نئے کدو کو عالمی ریکارڈ کا باضابطہ اعزاز ملنے کا فیصلہ ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل