Thursday, October 15, 2026
 

الیکشن کا انچارج رات ڈھائی بجے تحفہ لے کر میرے گھر آیا تھا، محمود خان اچکزئی کا انکشاف

 



قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے عام انتخابات میں امیدواروں سے پیسے لیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے ایک امیدوار سے کروڑوں روپے لیے گئے جبکہ ان کے پاس الیکشن کا انچارج رات ڈھائی بجے تحفہ لے کر آیا تھا۔ قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی نے علامہ راجا ناصر عباس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ 1990 میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کا رکن بنا، اس پارلیمان کو عوام کا نمائندہ بنانے کے لئے  بہت کوشش کی، بینظیر بھٹو اور نوازشریف جیسے سیاسی رہنماؤں نے جمہوریت کے لیے کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 58 ٹو بی جو 5 اسمبلیاں نگل چکی تھی، ایک دن میں ختم ہوگئی، سیاسی رہنماؤں کی کوشش سے لندن میں چارٹر آف ڈیموکریسی ہوا، 35 جماعتیں لندن میں بیٹھیں اور دستخط ہوئے لیکن آج انہی کی دو جماعتوں نے ووٹ دیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اسمبلیاں ٹوٹتیں تو کبھی بینظیر بچے ساتھ لے کر کسی ملک جاتیں تو کبھی نوازشریف لندن چلے گئے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 2024 کا الیکشن جس طرح ہوا، سب کے سامنے ہے، خیبر پختونخوا واحد اسمبلی تھی جو آئینی تھی مگر اب کو بھاتی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے بھی بتایا کہ کئی معاملات طے پاگئے تھے۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ جو ساری الیکشن کا انچارچ تھا، رات ڈھائی بجے ٹیم سمیت میرے گھر آگیا، کوئی قالین کا تحفہ بھی لائے تھے جبکہ میں نے قلم کا تحفہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں پشین اور چمن سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہا تھا، چار صوبائی حلقوں سے بھی الیکشن لڑ رہا تھا، ایک جمعیت کا امیدوار الیکشن لڑرہا تھا، اس سے ان لوگوں نے کروڑوں روپے لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پشین کی ایک سیٹ سے مولانا کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوا اور مولانا کے امیدوار کو ہمارے 30 ہزار ووت پڑے جبکہ میری چار سیٹیں چھین لیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ محسن نقوی کو بھی کسی شریف آدمی نے کہا ہوگا کہ میں 47 پر جیتا ہوں، میری نہ فوج سے مخالفت یا لڑائی ہے نہ کسی اور سے ہے، ہم نے پارلیمان کو مضبوط کرنے کی بات کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل