Thursday, October 15, 2026
 

کرکٹ کیریئر میں میرا بہترین دور ابھی آنا باقی ہے، نسیم شاہ

 



پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کیریئر میں میرا بہترین دور ابھی آنا باقی ہے۔ ان کے مطابق تجربہ، پختگی اور انجریز سے بچاؤ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو انٹرویو دیتے ہوئے نسیم شاہ نے بتایا کہ وقت کے ساتھ کھلاڑی کے کھیل کو سمجھنے کا انداز بدلتا ہے۔ نوجوانی میں تیز رفتار بولنگ پر زیادہ توجہ ہوتی ہے، تاہم اب وہ سمجھتے ہیں کہ بولر کے لیے اپنی حکمت عملی اور ہر گیند کے مقصد کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ نسیم شاہ اپنے 7 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں 93 میچز کھیل کر 155 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ انجریز کے باعث انہیں کئی مرتبہ ٹیم سے باہر ہونا پڑا، جن میں 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ سے محرومی اور پاکستان سپر لیگ 2026 کے دوران کمر کی انجری شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انجری کے بعد کھلاڑی کو دوبارہ ابتدا کرنا پڑتی ہے، اس لیے بحالی کا مناسب پروگرام، اپنے جسم کو سمجھنا اور طبی ٹیم کی معاونت ضروری ہے۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نسیم شاہ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے کپتان کوسل مینڈس، دنتھ ویلالاگے اور لہرو اودارا کی وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 141.9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بھی کی۔ دوسرے میچ میں اگرچہ انہیں کوئی وکٹ نہ ملی، تاہم انہوں نے دو اوورز میں صرف 9 رنز دیے۔ نسیم شاہ کے مطابق جدید وائٹ بال کرکٹ میں فاسٹ بولرز کو مختلف پچز اور زیادہ رنز والے مقابلوں کے تقاضوں کے مطابق اپنی مہارت مسلسل بہتر بنانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلے بازوں کی حکمت عملی سمجھ کر انہیں دباؤ میں لانا اور زیادہ ہنرمند ہونا آج کے بولرز کے لیے ضروری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل