Sunday, October 18, 2026
 

کراچی؛ موبائل فون چھیننے پر مزاحمت، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

 



کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے  گھگھر پھاٹک میں مسلح ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے اور رواں سال شہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 62 ہوگئی جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں گھگھر پھاٹک میں پاک لینڈ کمپنی کے قریب فائرنگ سے 32 سالہ عنایت عباسی جاں بحق ہوگئے، جن کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔ ایس ایچ او جاوید ابڑو کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، مسلح ملزمان نوجوان سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کررہے تھے کہ مزاحمت پر انہوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں عنایت عباسی شدید زخمی ہوگئے اور بعد ازاں دم توڑ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول پلاننگ کا کام کرتا تھا، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ دوسری جانب ملیر کے ہی علاقے شاہ لطیف ٹاؤن کے سیکٹر 20 میں مزار کے قریب فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کی شناخت 35 سالہ لال بادشاہ اور 25 سالہ بلال کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او محمد علی شاہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ آپس میں جھگڑے کے دوران پیش آیا، جس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ لواحقین کے مطابق واقعے کے وقت مقتول عنایت عباسی اپنے دوست جنید کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار تھا، اسی دوران ڈاکوؤں نے روک کر مقتول سے اور اس کے دوست سے لوٹ مارکی، قریب ہی موجود نجی کمپنی کے گارڈ نے ڈاکووں کو دیکھ کر شور مچایا تو ڈاکووں نے فائرنگ کردی۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ کے دوران گولی عنایت کو لگی جو موت کا سبب بنی۔ لواحقین نے مزید بتایا کہ مقتول شوروم چلاتا تھا اور کچھ روز قبل شوروم کا کام ختم کرکے ہوٹل کھولا تھا، مقتول کاروبارکے حوالے سے باڑے گیا تھا جہاں سے واپسی پر واقعہ پیش آیا۔ مقتول عنایت پپری کا رہائشی اور دو بچوں کاباپ تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل