Tuesday, October 20, 2026
 

پنجاب کے دیہات کو مثالی بنانے کا منصوبہ، مریم نواز نے منظوری دیدی

 



وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے دیہات کو مثالی بنانے کے منصوبے کی  منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں ’خوشحال دیہات ایکٹ 2026‘ متعارف کرانے کا اہم فیصلہ کیا گیا جس کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔ اجلاس کے دوران 120 دیہات میں فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرنے پر اتفاق ہوا، جبکہ ہر گاؤں میں عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ویلج کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ویلج کمیٹیوں کی فوری تشکیل اور اس سے متعلق جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ منصوبے کے تحت متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ویلج کمیٹی کی سربراہی کریں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر تمام ویلج کمیٹیوں اور اس پراجیکٹ کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ اس ویلج کمیٹی میں 4 عوامی اور 4 سرکاری نمائندے شامل ہوں گے جن میں ہیڈ ٹیچر، سیکرٹری یونین کونسل اور ہیلتھ کلینک کا ڈاکٹر شامل ہوں گے۔ اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر گاؤں میں سیوریج، ڈرینج اور پختہ گلیاں تعمیر کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دیہات کو مثالی بنانے کا عزم غیر متزلزل ہے، اب ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ترقی کے ثمرات پنجاب کے ہر گاؤں تک پہنچائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گاؤں کی ڈویلپمنٹ میں مقامی لوگوں کی مشاورت شامل کی جائے گی اور معیار و شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ دن دور نہیں جب پنجاب کا ہر گاؤں ایک مثال بنے گا، جبکہ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈر اپنے دیہات کے نگہبان ہوں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل