Loading
محمود آباد میں نامعلوم افراد کے الیکٹرک کے عملے پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، واقعے میں میٹر ریڈر زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق محمود آباد نمبر ایک کے قریب کے فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت 30 سالہ شہباز کے نام سے ہوئی۔ زخمی شخص کے الیکٹرک کا میٹر ریڈر ہے جو اپنے اسسٹنٹ عمیر کے ہمراہ ریڈنگ لے رہا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ 2 ملزمان کے الیکٹرک عملے کے پاس آئے پوچھا کیا کررہے ہو اور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، فائرنگ سے شہباز شدید زخمی ہوا جبکہ عمیر محفوظ رہا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق محمد شہباز کو 2 گولیاں لگی ہیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 4 سے 5 خول ملے ہیں، ملزمان نے کوئی لوٹ مار نہیں کی۔
پولیس حکام نے کہا کہ زخمی میٹر ریڈر اور اس کے اسسٹنٹ کے پاس تمام سامان موجود ہے، پولیس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، واقعے کی تمام پہلوں سے تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق محمود آباد میں ڈیوٹی کے دوران کے الیکٹرک اسٹاف پر فائرنگ کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک انتظامیہ زخمی اہلکار کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دے دی گئی ہے اور واقعہ سے متعلق محرکات اور مزید تحقیقات کے لیے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ’کے الیکٹرک‘ اپنے فیلڈ اسٹاف کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور آن ڈیوٹی اسٹاف پر حملے کی شدید مذمت کرتی ہے، ملوث افراد کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل