Tuesday, October 20, 2026
 

اسلام آباد: طالبہ لائبہ کے ساتھ ویزا فراڈ کرنے والا ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

 



اسلام آباد میں انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ لائبہ کے ساتھ امریکا کے ویزے کے حوالے سے فراڈ کرنے والا ملزم نعمان مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق وفاقی پولیس نے ملزم نعمان کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ رمنا کی حدود میں زیر حراست ملزم محمد نعمان پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران ہلاک ہوا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس ٹیم زیر حراست ملزم کی انکشاف اور نشان دہی پر برآمدگی کے لیے لے کر جا رہی تھی، کہ راستے میں چھپے دو موٹر سائیکل پر سوار 4 ساتھی ملزمان نے زیرحراست ملزم کو چھڑوانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ زیر حراست ملزم محمد نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم تھانہ رمنا کی حدود میں خودکشی کرنے والی طالبہ لائبہ اعجاز کے مقدمے کا ملزم تھا اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشنز جاری  ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نعمان کا ایک بھائی اور کزنز جیل میں ہیں، ملزم نعمان اور اس کے بھائیوں پر مانسہرہ کے تھانہ سٹی میں 85لاکھ روپے فراڈ کا مقدمہ درج ہے اور ہلاک ملزم مانسہرہ میں درج مذکورہ مقدمے میں اشتہاری تھا۔ دوسری جانب پولیس ہلاک ملزم نعمان سے فراڈ میں لوٹی گئی رقم برآمد کرنے سے حوالے سے تاحال کچھ بتانے سے قاصر ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل