Loading
سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے منعقدہ ٹیسٹ میں کراچی کے طلبہ کے خراب نتائج کے معاملے پر پی ایم ڈی سی کا ہنگامی اجلاس بدھ کی صبح طلب کیا گیا ہے.
ایکسپریس نیوز کے مطابق اجلاس میں سندھ سمیت پورے ملک میں ایم ڈی کیٹ کے پوشیدہ رکھے گئے ٹیسٹ پیپر (سوالنامے) کو اپ لوڈ کرنے سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔
اس اجلاس میں پیش پی ایم ڈی سی کے حکام کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں ٹیسٹ لینے والے اداروں کے سربراہ آن لائن شریک ہورہے ہیں۔ پی ایم ڈی سی کا یہ ہنگامی اجلاس سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی جانب سے منگل کو مذکورہ معاملے پر کیے گئے ایک اجلاس کے بعد منعقد ہورہا ہے ۔
منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس سینیٹر عامر چشتی کی صدارت میں ہوا تھا جس میں پی ایم ڈی سی کے حکام بھی شریک تھے۔
اجلاس میں پی ایم ڈی سی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحانات میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی رپورٹ نہیں ہوئی تاہم قائمہ کمیٹی نے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ پیپر طلبہ سے واپس لینے کے معاملے پر خفگی کا اظہار کیا تھا اور پوچھا گیا تھا کہ آخر ایم ڈی کیٹ کا پرچہ طلبہ سے کیونکر پوشیدہ رکھا گیا۔
کمیٹی نے سوال کیا تھا کہ ماضی میں پورے کے پورے question bank تک طلبہ کی رسائی ہوتی تھی۔ ذرائع کے مطابق پی ایم ڈی سی حکام نے بدھ کا اجلاس قائمہ کمیٹی کے اسی منعقدہ اجلاس کے تناظر میں بلایا ہے اور اجلاس میں ایم ڈی کیٹ کا پرچہ آپ لوڈ کیے جانے سے متعلق کوئی اہم فیصلہ متوقع ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل