Loading
وفاقی حکومت نے قومی بچت اسکیموں اور سروا اسلامی اسکیموں کیلیے منافع کی شرح میں اضافہ کردیا۔
محکمہ قومی بجٹ کی جانب سے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی نئی شرح کا اعلان ںکردیا، جسکا اطلاق 21 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ اور اکاؤنٹ میں پہلے پانچ منافعوں پر سالانہ 12 فیصد جبکہ چھٹے اور آخری منافع پر سالانہ 12.8 فیصد شرح مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت ایک لاکھ روپے پر ہر چھ ماہ بعد بالترتیب 6 ہزار اور 6 ہزار 400 روپے منافع ملے گا۔
ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر 1 سال کے لیے 10 فیصد، دو سال کے لیے 21 فیصد، تین سال کے لیے 34 فیصد، چار سال کے لیے 49 فیصد، پانچ سال کے لیے 67 فیصد، چھ سال کے لیے 88 فیصد، سات سال کے لیے 113 فیصد منافع ملے گا۔
اس کے علاوہ آٹھ سال کے لیے 142 فیصد، 9 سال کے لیے 176 فیصد اور 10 سال کے لیے 215 فیصد منافع ملے گا۔
ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ایک لاکھ روپے کے عوض ماہانہ ایک ہزار 10 روپے، یعنی سالانہ 12.12 فیصد منافع مقرر کیا گیا ہے۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ کے تحت بیواؤں، بزرگ شہریوں اور جسمانی معذوری کے شکار افراد کے لیے ایک لاکھ روپے پر ماہانہ ایک ہزار 80 روپے، یعنی سالانہ 12.96 فیصد منافع ہوگا جبکہ اس اسکیم میں کم از کم سرمایہ کاری 5 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 75 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے بھی ایک لاکھ روپے پر ماہانہ ایک ہزار 80 روپے منافع مقرر کیا گیا ہے، جس میں کم از کم سرمایہ کاری 10 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 75 لاکھ روپے ہے۔
شہداء کے اہل خانہ کے لیے مختص شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر بھی ایک لاکھ روپے کے عوض ماہانہ ایک ہزار 80 روپے، یعنی سالانہ 12.96 فیصد منافع دیا جائے گا جبکہ اس میں سرمایہ کاری کی حد 10 ہزار سے 75 لاکھ روپے تک ہے۔
شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس پر تین ماہ کے لیے سالانہ 11.12 فیصد، چھ ماہ کے لیے 11.50 فیصد اور ایک سال کے لیے 11.72 فیصد منافع مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت ایک لاکھ روپے پر بالترتیب 2 ہزار 780، 5 ہزار 750 اور 11 ہزار 720 روپے منافع درج ہے۔
سیونگ اکاؤنٹ کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے سالانہ 10 فیصد برقرار رکھا گیا ہےسروا اسلامی ٹرم اکاؤنٹ کے تحت ایک سالہ مدت اور میعاد پوری ہونے پر منافع کی متوقع سالانہ شرح 11.84 فیصد، تین سالہ مدت اور ششماہی ادائیگی پر 12.10 فیصدجبکہ پانچ سالہ مدت اور ماہانہ ادائیگی پر 12.12 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
ان اسکیموں میں ایک لاکھ روپے پر درج شدہ منافع بالترتیب 11 ہزار 840 روپے،ہر چھ ماہ بعد 6 ہزار 50 روپے اور ماہانہ ایک ہزار 10 روپے ہے۔ سروا اسلامی سیونگ اکاؤنٹ پر متوقع سالانہ منافع کی شرح 11.84 فیصد جبکہ ماہانہ متوقع منافع 973 روپے 15 پیسے فی ایک لاکھ روپے کیا گیا ہے۔
اسکے علاوہ مختلف اسکیموں پر قواعد کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس، زکوٰۃ اور متعلقہ سروس چارجز کی کٹوتی لاگو ہوگی، تاہم کٹوتیوں کا اطلاق متعلقہ اسکیم کے قواعد کے مطابق ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل