Tuesday, October 20, 2026
 

محققین نے جین زی کو آن لائن فراڈ سے خبردار کر دیا!

 



محققین نے امریکا کے نوجوانوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹک ٹاک، انسٹاگرام، ٹوئچ اور آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز پر کرپٹو کرنسی کے فراڈ کے نت نئے اور زیادہ پیچیدہ طریقے تیزی سے پھیل رہے ہیں، جہاں دھوکا باز مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چند منٹوں میں لوگوں کی رقم ہتھیا رہے ہیں۔ کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل روب بونٹا نے پیر کے روز یہ انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ افراد سوشل میڈیا، لائیو اسٹریمز اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کی مختلف اسکیموں کے ذریعے جنریشن زی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس نسل میں 1997 سے 2012 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد شامل ہیں۔ روب بونٹا کے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی شہریوں کو 2025 میں انٹرنیٹ پر ہونے والے فراڈ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 20.9 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جس میں سے 11.4 ارب ڈالر کرپٹو کرنسی سے متعلق دھوکا دہی کی نذر ہوئے۔ روب بونٹا نے کہا کہ یہ وہی پرانے فراڈ ہیں جن کے خلاف ہم ہمیشہ سے لڑتے آئے ہیں لیکن کرپٹو کرنسی تک وسیع پیمانے پر رسائی کے بعد دھوکا بازوں کو لوگوں کی رقم ہتھیانے کا ایک نیا اور خطرناک طریقہ مل گیا ہے۔ حکام نے انٹرنیٹ پر نوجوانوں کو نشانہ بنانے والے فراڈ کے کئی عام طریقوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں ایک طریقہ جنسی بلیک میلنگ ہے، جس میں جرائم پیشہ افراد متاثرہ شخص کو دھمکی دیتے ہیں کہ اگر اس نے رقم یا کرپٹو کرنسی ادا نہ کی تو اس کی نجی تصاویر یا ذاتی معلومات عام کر دی جائیں گی۔ فراڈ کے دیگر طریقوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ آوازوں اور ڈیپ فیک ویڈیوز کا استعمال شامل ہے، جن کے ذریعے دھوکا باز رشتہ داروں، معروف شخصیات یا قابلِ اعتماد افراد کا روپ دھار کر لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل