Wednesday, October 21, 2026
 

ایم کیو ایم کے تین کارکنان 12 مئی کے مقدمات میں بری

 



انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے 3 مقدمات سے ایم کیو ایم کے کارکنان عمیر صدیقی، رئیس الدین عرف رئیس مما اور مرزا نسیم الدین عرف رضوان چپاتی کو بری کردیا۔ کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ سنادیا۔ جیل حکام نے ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما اور مرزا نسیم بیگ عرف رضوان چپاتی کو پیش کیا۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد ایم کیو ایم کے تینوں کارکنوں کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے عمیر صدیقی، رئیس الدین عرف رئیس مما اور مرزا نسیم الدین عرف رضوان چپاتی کو بری کردیا۔ ملزمان کی پیروی نواز خان اور مشتاق احمد ایڈووکیٹس نے کی۔ سرکاری وکیل موقف اپنایا تھا کہ ملزمان رئیس عرف مما اور رضوان چپاتی زیر دفعہ 164کے بیان میں اعتراف جرم کرچکے ہیں۔ وکیل صفائی مشتاق احمد نے موقف اپنایا تھا کہ ملزمان کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں جبکہ گواہوں کے بیانات میں بھی تضاد ہے۔ ملزمان کے اعترافی بیان میں بھی قانونی تقاضے پورے نہیں کیئے گئے، ملزمان کو جائے وقوعہ پر کسی گواہ نے نہیں دیکھا۔ پولیس کے مطابق سابق میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر کیخلاف سانحہ 12 مئی کے 6 مقدمات زیر سماعت ہیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ 2007 میں ایئرپورٹ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل