Loading
ایف آئی اے سی سی سی کراچی نے ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو کارروائیوں میں 61 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کرکے دو ملزمان گرفتار کر لیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی ہدایات پر ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایف آئی اے ٹیم نے 20 اور 21 اکتوبر کو دو مختلف کارروائیوں میں دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی میٹروپول سگنل، کراچی کے قریب کی گئی، جہاں روح اللہ ولد مسعود کو گرفتار کرکے 61 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزم مبینہ طور پر دبئی سے درہم وصول کرکے بلیک مارکیٹ ریٹ پر پاکستان میں مختلف افراد کو پاکستانی روپے فراہم کرنے کے ہنڈی حوالہ نیٹ ورک میں ملوث تھا۔ موبائل فون سے ملنے والے واٹس ایپ پیغامات میں مبینہ غیر قانونی لین دین کے شواہد بھی سامنے آئے۔
دوسری کارروائی میں جمشید روڈ، کراچی پر واقع عدنان آٹوز، دکان نمبر 04، مکہ آرکیڈ سے محمد ندیم میمن ولد محمد اقبال کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ہنڈی حوالہ سے متعلق مبینہ ڈیجیٹل شواہد پر مشتمل دو موبائل فون برآمد ہوئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، ملزم جاپان میں گاڑیوں کی خریداری کے لیے دبئی کے ذریعے ادائیگیوں کا انتظام کرتا تھا، جبکہ پاکستان میں متعلقہ رقوم غیر رسمی ذرائع سے ادا کی جاتی تھیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی مزید جانچ جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل