Saturday, October 24, 2026
 

پاکستان ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر ہوتی ہے، چیئرمین پی سی بی

 



پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر ہوتی ہے۔ لاہور میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی ہمیشہ ٹیلنٹ کو سپورٹ کرتا رہے گا، پاکستان انڈر 19 ٹیم میں 11 کھلاڑی اسکول لیول سے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ اسپورٹس میں بھی ترقی ضروری ہے، امید ہے بہت سے گولڈ میڈل آئیں گے۔ چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر کافی عرصے سے تنقید ہوتی رہی ہے تاہم کھلاڑیوں کی تیاری اور کرکٹ کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ دو سال قبل قومی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے نئے کھلاڑی دستیاب نہیں تھے جبکہ اب ملک میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور اسے بہتر انداز میں استعمال کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید اور دیگر افراد نے اس سلسلے میں بہت محنت کی ہے۔ پہلی مرتبہ اسکول کرکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت لاہور میں 1400 اسکولوں کی ٹیمیں موجود ہیں اگلے سال اسکول کرکٹ ٹیموں کی تعداد 3 ہزار سے زیادہ ہو جائے گی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ رواں سال سے پی سی بی جیتنے والی ٹیم کو 2 کروڑ روپے انعام دے گا جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے، انعامی رقم کا مقصد ٹیموں کی حوصلہ افزائی اور کرکٹ کے مقابلوں میں دلچسپی بڑھانا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل