Sunday, October 25, 2026
 

حکومت معاشی ترقی اور ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، بلال اظہر کیانی

 



وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر حکومت ملکی معیشت ترقی ، صنعتی استحکام اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جس کے تحت سمیڈا بورڈ کو ازسرنو تشکیل دے کر فعال بنا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا بنیادی کردار نجی شعبے کی سرپرستی اور آسانیاں پیدا کرنا ہے، اسی وژن کے تحت جہلم کے شاندار پوٹینشل، بلند شرحِ خواندگی اور پرامن ماحول کو بروئے کار لا کر اسے خطے کا کامیاب معاشی و کاروباری حب بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (جے سی سی آئی)کے نو منتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں صدر انجمن تاجران ملک محمد اقبال، نومنتخب صدر جہلم چیمبر اظہر ڈار، سینئر نائب صدر عبدالغفور بٹ، نائب صدر ندیم خان، سابق صدر زاہد بٹ، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، صنعت کاروں، تاجر برادری اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیر مملکت نے نئی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کاروباری شعبے میں خواتین کے کردار کی تعریف کی۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ‘سمیڈا’ کے ذریعے چھوٹے کاروباروں کو فزیبلٹی کی تیاری، فیکٹریوں کے قیام کے لیے فنانسنگ اور ووکیشنل ٹریننگ کی مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور تا راولپنڈی موٹروے کا منصوبہ کھاریاں اور جہلم سے گزرتے ہوئے آئندہ دو سے تین سالوں میں مکمل کر لیا جائے گا جس سے خطے میں صنعتی اور تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وزیر مملکت نے جہلم چیمبر پر زور دیا کہ وہ سیالکوٹ کے تاجروں کی طرح باہمی اتحاد، ٹھوس تیاری اور فیکٹس کی بنیاد پر انڈسٹریل سٹیٹ اور نئے منصوبوں کا ورکنگ پیپر تیار کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تاجر برادری ایک ماہ کے اندر قابلِ عمل فزیبلٹی لائے وہ نہ صرف اس کی خود نگرانی کریں گے بلکہ سٹیٹ بینک، ایف بی آر، وزارتِ تجارت اور دیگر وفاقی اداروں میں جہلم کے مفادات کے وکیل بن کر کیس لڑیں گے تاکہ مقامی سطح پر کارخانے لگیں اور نوجوانوں کو اپنے ہی ضلعے میں روزگار میسر آئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل