Loading
چشمہ شوگر ملز کے مغوی ملازمین کی بازیابی کیلئے سی ٹی ڈی کا آپریشن جاری ہے، تاہم تاحال مغویوں کا سراغ نہیں مل سکا۔
ذرائع کے مطابق مغویوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کئے جانے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے وفد نے مغوی ملازمین کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وفد نے ڈی ایس پی پروآ سرکل صغیر گیلانی اور ایس ایچ او پروآ عظیم وزیر سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی، جہاں مغوی ملازمین کے معاملے پر تفصیلات حاصل کی گئیں اور ان کی جلد و بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ انڈس ہائی وے پر چیڑا مائنر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے مسافر کوچ اور چشمہ شوگر ملز کی بس سے متعدد افراد کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا تھا۔
اغوا کے خلاف لواحقین اور اہالیانِ علاقہ نے پروا اڈا کے مقام پر انڈس ہائی وے کو بند کر کے احتجاج بھی کیا۔
بعد ازاں گاڑیوں سے اتارے گئے ارسلان، ماجد، کاشف، شیراز اور حماد کو چھوڑ دیا گیا۔ جنہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً چار گھنٹے پیدل چل کر واپس پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
تاہم بتایا گیا ہے کہ 17 افراد تاحال لاپتا ہیں، پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کیلئے آپریشن جاری ہے اور مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل