Loading
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران 2 ملزمان ہلاک جبکہ 8 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گلبہار پولیس کا حاجی مرید گوٹھ میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کی شناخت اسٹیفن مسیح کے نام سے ہوئی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
منگھوپیر پولیس کا اجتماع گاہ کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت کاشف اور نبیل کے نام سے ہوئی، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس اور ملزمان کے درمیان اللہ والا ٹاؤن کے قریب مقابلے میں چار ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت اسحاق علی، سرفراز، محمد آصف اور عبدالمالک کے ناموں سے ہوئی، جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر کورنگی گودام چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان مارے گئے۔ ایدھی حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت 31 سالہ عامر علی اور 33 سالہ شاہد حسین کے ناموں سے کی گئی۔
شرافی گوٹھ پولیس کا ملیر ندی کے قریب کچرا کنڈی پر مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت نصراللہ کے نام سے ہوئی، جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل