Monday, October 26, 2026
 

پاکستان ریلویز کا اسلام آباد ایکسپریس کے کچن پورشن مینیجر کو جرمانہ

 



پاکستان ریلویز نے اسلام آباد ایکسپریس کے کچن پورشن مینیجر کو صفائی ستھرائی تسلی بخش نہ ہونے پر ایک ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے لاہور عبداللہ ارشد نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن انعام اللہ کی ہدایات پر گرین لائن اور اسلام آباد ایکسپریس ٹرینوں کے کچن پورشن کی سرپرائز چیکنگ کی۔ اس موقع پر کھانے پینے کی اشیاء کے معیار، صفائی ستھرائی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیکنگ کے دوران اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کے کچن پورشن میں صفائی سٹھرائی تسلی بخش نہ ہونے اور غیر معیاری دودھ کی موجودگی پر مینیجر کو ایک ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کمپلیمنٹری فوڈ باکسز کے معیار کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔ اسی طرح، گرین لائن ٹرین کے کچن پورشن کی چیکنگ کے دوران کھانے کے معیار اور کمپلیمنٹری سروسز کو تسلی بخش پایا گیا تاہم لوکل واٹر کی فروخت پر مینیجر کو وارننگ دی گئی۔ ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد نے دونوں کچن پورشنز میں دستیاب دیگر اشیائے خورونوش اور صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مسافروں کو معیاری اشیائے خورونوش اور بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن کے مطابق ٹرینوں میں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل