Tuesday, October 27, 2026
 

پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ملک میں ایل پی جی سمیت اشیا خورونوش مہنگی ہوگئی

 



ملک بھر میں پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث سبزیاں، پھل، گوشت، ایل پی جی اور آٹا سب مہنگے ہوگئے۔ گراں فروشی نے شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کوششوں کے باوجود گراں فروشی روکنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ لاہور میں پیاز کی سرکاری قیمت 195روپے کلو مقرر لیکن  دکاندار 250 میں فروخت کر رہے ہیں۔ آلو 42 روپے کلو کے بجائے 70 روپے کلو، ٹماٹر 50 روپے اضافے کے ساتھ 150 روپے کلو ہوگیا لیکن بازار میں 200 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ بھنڈی 140 کے بجائے 200 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے، مٹر 350 کے بجائے 450 سے 500 روپے کلو بکنے لگے۔ ٹینڈے دیسی 170 کے بجائے 250 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، لہسن 420 کے بجائے 500 سے 600 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، ادرک چائنہ 450 روپے کلو تک پہنچ گیا۔ پھلوں میں کھجور 425 کے بجائے 520 روپے فی کلو، کیلا 160 کے بجائے 200 روپے درجن، سیب 400 روپے کلو، مسمی 165 کے بجائے 200 روپے درجن، امرود 240 کے بجائے 300 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ برائلر گوشت 533 کے بجائے 550 روپے کلو میں دستیاب ہے جبکہ انڈے 267 روپے درجن ہوگئے۔ بڑا گائے کا گوشت 1300 جبکہ بکرے کا گوشت 3000 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 280روپے کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں 500 سے 600 روپے کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح، 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2200 روپے تھی جو اب بڑھ کر 2300 روپے ہو چکی ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر گراں فروشی کے خلاف مقدمات اور بھاری جرمانوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل