Loading
انسداد دہشت گردی پشاور کی عدالت نے سانحہ 9 مئی ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملے اور توڑ پھوڑ کے کیس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی وزرا سمیت دیگر کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی پشاور کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد 9 اور 10 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ اور املاک کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں غیرفعال وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، سابق صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش ، پی ٹی آئی ضلع پشاور کے صدر عرفان سلیم اور پی ٹی ائی کارکن عامر چمکنی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی 4 نومبر تک کے لئے ملتوی کردی۔
مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے کی جہاں ملزمان کے وکیل علی زمان ایڈوکیٹ، تفتیشی آفسر خوشحال اور پبلک پراسیکیوٹر جبکہ ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیرحسین گیگیانی پیش ہوئے۔
سماعت شروع ہوئی تو ملزمان کے وکیل علی زمان ایڈوکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں مزید وقت درکار ہے تو سماعت ملتوی کی جائے۔اس پر فاضل جج نے کہا کہ کیس میں چالان جمع ہوگیا ملزمان نامزد ہوگئے اب قانونی طور پر ان ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے چالان عدالت میں جمع کرادیا جس میں غیرفعال وزیراعلی سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، عرفان سلیم اور عامرچمکنی کو نامزد کیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اس واقعے کی فوٹیج میں سہیل آفریدی اور دیگر صوبائی وزرا موجود ہیں، اس لئے موجود ملزمان کی شناخت نادرا اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے کی جائے۔
عدالت نے ملزمان کی شناخت کی تصدیق کے لیے نادرا اسلام آباد اور پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری لاہور سے ویڈیو اور تصاویر کی فارنزک رپورٹس حاصل کی تھیں جبکہ کرائم سین کی فوٹیج کا فرانزک تجزیہ بھی کرایا گیا جس میں ملزمان کی موقع پر موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی ایڈووکیٹ کے مطابق پولیس کی تفتیش مکمل ہونے کے باوجود تقریباً چھ ماہ تک چالان عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، 9 مئی کو پشاور میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے تھے اور ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کرکے عمارت کو آگ لگائی گئی تھی اس کیس میں 80 سے زائد ملزمان نامزد ہیں، جبکہ غیرفعال وزیراعلی سہیل افریدی، کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا سمیت پانچ افراد کو چالان میں اب نامزد کیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل نے کہا کہ ان پر الزام ہے کہ ریڈیو پاکستان حملے کیس میں یہ بھی ملوث ہیں پنجاب کی فرانزک لیب کی رپورٹ میں جبکہ نادرا کو جو شواہد بھیجے گئے تھے انہوں نے بھی شواہد کی تصدیق کی ہے کہ یہ تمام دستیاویزات درست ہیں لہذا انہیں چالان میں نامزد کیا جائے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر غیرفعال وزیراعلی سہیل افریدی، کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم اور عامر چمکنی کی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور سماعت 4 نومبر تک کے لئے ملتوی کردی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل