Tuesday, November 03, 2026
 

مرزا اشتیاق بیگ نے کرن خان کو شادی کیلئے کیسے راضی کیا؟ اداکارہ نے سب کھل کر بتا دیا

 



پاکستانی ٹی وی میزبان و اداکارہ کرن خان نے معروف کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کے فیصلے اور دولت کی خاطر شادی کرنے کے الزامات پر کھل کر بات کر ڈالی۔ حال ہی میں کرن خان نے میزبان نادیہ خان کے مارننگ شو ’رائز اینڈ شائن‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔ کرن خان نے بتایا کہ وہ ابتدا میں شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھیں، تاہم مرزا اشتیاق بیگ سے ان کی پہلے ہی جان پہچان تھی کیونکہ وہ ان کی فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کر چکی تھیں۔ اداکارہ کے مطابق دونوں کو زندگی میں ایک دوسرے کی ضرورت تھی لیکن ماضی کے تجربات کی وجہ سے وہ کسی نئے رشتے میں آنے سے ہچکچا رہے تھے۔ اب دونوں کو اس بات کا افسوس ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے پہلے کیوں نہیں ملے۔ کرن خان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک تنہا رہنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں کسی کے ساتھ بانٹنا کتنا خوبصورت تجربہ ہے۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ مرزا اشتیاق بیگ نے انہیں پہلے شادی کی پیشکش کی، انہوں نے رشتے کو غیر ضروری طول دینے کے بجائے براہِ راست ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور سنجیدگی سے شادی کی بات آگے بڑھائی۔ کرن خان نے کہا کہ تمام معاملات اتنی آسانی اور تیزی سے طے ہوئے کہ انہوں نے اسے اللہ کی طرف سے ہونے والا فیصلہ سمجھ کر قبول کر لیا۔ شو کے دوران جب ان سے بڑے اور شاندار گھر میں زندگی گزارنے کے تجربے سے متعلق سوال کیا گیا تو کرن خان نے واضح کیا کہ ان کے لیے گھر کا بڑا یا چھوٹا ہونا کبھی اہم نہیں رہا بلکہ اصل اہمیت اس احساس کی ہے کہ آپ کے پاس ایک ایسا گھر ہو جہاں آپ خود کو اپنائیت اور سکون میں محسوس کریں۔ اداکارہ نے دولت کی خاطر شادی کرنے کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی محنت کر کے اپنی کمائی سے گزارا کیا ہے۔ وہ پہلے ہی اچھی زندگی گزار رہی تھیں، اس لیے یہ تاثر درست نہیں کہ شادی کے بعد ان کی زندگی اچانک غربت سے امارت میں تبدیل ہو گئی۔ واضح رہے کہ کرن خان اور مرزا اشتیاق بیگ نے رواں سال ستمبر میں مسجد الحرام میں نکاح کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل