Tuesday, November 03, 2026
 

حکومت کا آسان ٹیکس اسکیم میں رجسٹر نہ ہونے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

 



وفاقی حکومت نے آسان ٹیکس اسکیم میں رجسٹر نہ ہونے والے دکان داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت قانونی کارروائی اور جرمانے کیے جائیں گے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی نوید قمر کی زیر صدارت ہوا جہاں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ انفورسمنٹ کا طریقہ کار جلد سامنے لائیں گے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کہانی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بتایا کہ تاجروں کے تمام مطالبات ماننے کے باوجود آسان ٹیکس اسکیم میں توقع کے مطابق رجسٹریشن نہیں ہوئی اب حکومت نان فائلر دکان داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور جرمانوں کا آغاز کر رہی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے کہا آپ کا خیال تھا اس اسکیم سے 80 فیصد دکان دار رجسٹر ہو جائیں گے، اگر 20 فیصد بھی رجسٹر نہیں ہوئے تو آپ واپس زیرو پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ دکان داروں کے خلاف انفورسمنٹ کا طریقہ کیا ہوگا، جس پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اس کا مکمل طریقہ کار چند دنوں میں آپ کے سامنے رکھیں گے۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کمپنیز ترمیمی بل کلیئر نہ ہونے پر مؤخر کر دیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم کے غلط استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حوالے سے بریفنگ کے لیے چیئرمین ایف بی آر بھی موجود نہیں ہیں اس لیے بل کو مؤخر کر رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل