Loading
والدین اپنے بچوں کو تعلیمی اداروں میں اس اعتماد کے ساتھ بھیجتے ہیں کہ وہاں انہیں تعلیم کے ساتھ ایک محفوظ ماحول بھی میسر ہوگا۔ لیکن جب کسی تعلیمی ادارے کے اندر ہی کوئی بچہ تشدد یا جنسی استحصال کا نشانہ بنتا ہے تو یہ صرف ایک خاندان کے اعتماد کو مجروح نہیں کرتا بلکہ تعلیمی نظام کی ذمہ داریوں پر بھی سوال اٹھاتا ہے۔
پاکستان میں سرکاری و نجی اسکولوں اور دینی مدارس سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور بدسلوکی کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔ حال ہی میں ملتان کے ایک سرکاری اسکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ کے ساتھ چوکیدار کی جانب سے مبینہ جنسی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا، جس میں میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایسے واقعات ایک بنیادی سوال اٹھاتے ہیں: کیا ہمارے تعلیمی اداروں میں بچوں کو تشدد اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے ایسے انتظامات موجود ہیں جو کسی واقعے سے پہلے خطرات کی نشاندہی اور روک تھام کر سکیں؟
پاکستان میں بچوں کے خلاف جنسی جرائم سے نمٹنے کے لیے قوانین موجود ہیں۔ مقدمات کا اندراج، تحقیقات اور ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دلانا ضروری ہے، لیکن بچوں کا تحفظ صرف جرم کے بعد قانونی کاروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اصل ترجیح ایسے خطرات کی روک تھام ہونی چاہیے جو بچوں کو تشدد، جنسی استحصال یا بدسلوکی کا شکار بنا سکتے ہیں۔
یہیں سے چائلڈ سیف گارڈنگ کا تصور سامنے آتا ہے، جس سے مراد وہ پالیسیاں اور عملی اقدامات ہیں جن کے ذریعے کوئی ادارہ بچوں کو اپنے ملازمین، سرگرمیوں اور انتظامی امور سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس میں اساتذہ کے ساتھ انتظامی عملہ، چوکیدار، ڈرائیور، صفائی کرنے والے ملازمین اور دیگر متعلقہ افراد بھی شامل ہیں۔
سوال یہ ہے کہ ہمارے کتنے تعلیمی اداروں میں بچوں کے تحفظ کی تحریری پالیسی موجود ہے؟ کتنے ادارے اپنے عملے کو بچوں کے ساتھ مناسب رویوں اور شکایات کی رپورٹنگ سے متعلق تربیت دیتے ہیں؟ اور کتنے بچوں کو معلوم ہے کہ کسی بالغ شخص کے نامناسب رویے یا دھمکی کی صورت میں وہ کس سے محفوظ انداز میں شکایت کر سکتے ہیں؟
بعض اداروں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ان کے ہاں ایسے واقعات پیش نہیں آ سکتے، خصوصاً جہاں ماضی میں کوئی شکایت سامنے نہ آئی ہو۔ لیکن شکایت نہ آنا تحفظ کی ضمانت نہیں۔ بچے خوف، شرمندگی، دھمکی یا محفوظ شکایتی نظام کی عدم موجودگی کے باعث خاموش رہ سکتے ہیں۔ بچوں کا تحفظ اس یقین پر قائم نہیں کیا جا سکتا کہ ہمارے ادارے میں ایسا کبھی نہیں ہو سکتا۔ حفاظتی انتظامات اساتذہ پر عدم اعتماد نہیں بلکہ بچوں اور تعلیمی اداروں، دونوں کے مفاد میں ہیں۔
سال 2025 میں پنجاب کے اس وقت کے پراسیکیوٹر جنرل نے تجویز دی تھی کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی بھرتی سے پہلے، اور پہلے سے ملازمت کرنے والے افراد کے لیے بھی، نادرا کے پاس موجود جنسی جرائم میں سزا یافتہ افراد کے رجسٹر سے تصدیق کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔ یہ ایک اہم تجویز تھی، لیکن اس پر اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ متعلقہ حکام کو اس کی موجودہ صورتِ حال واضح کرنی چاہیے۔
تاہم عملے کے سابقہ جرائم کے ریکارڈ کی جانچ صرف بھرتی کے وقت تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ملازمت کے دوران بھی مقررہ وقفوں سے اس کی دوبارہ تصدیق ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہر تعلیمی ادارے میں بچوں کے تحفظ کے لیے واضح ضابطۂ اخلاق اور عملی طور پر فعال چائلڈ سیف گارڈنگ سسٹم موجود ہونا چاہیے، تاکہ حفاظتی اصول محض کاغذی ہدایات تک محدود نہ رہیں بلکہ ادارے کے روزمرہ انتظامات اور سرگرمیوں کا حصہ بنیں۔ ضابطۂ اخلاق میں بچوں کو غیر ضروری طور پر چھونے، دھمکانے، ان کی تذلیل کرنے، انہیں بلا ضرورت تنہائی میں بلانے اور اختیار کے غلط استعمال جیسے رویوں کی روک تھام کے اصول شامل ہوں۔ بچوں کو شکایت کے ایسے محفوظ اور قابلِ اعتماد ذرائع بھی میسر ہونے چاہییں جو ادارے کی انتظامیہ سے باہر بھی دستیاب ہوں۔ بچوں کو اپنے تحفظ سے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہے، لیکن انہیں محفوظ رکھنے کی بنیادی ذمہ داری بچوں پر نہیں بلکہ بالغ افراد اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
جون 2025 میں پنجاب حکومت نے صوبائی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دی، جس کا مقصد بچوں کو تشدد، استحصال اور بدسلوکی سے محفوظ رکھنے کے لیے ادارہ جاتی اقدامات کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ پالیسی بچوں کے تحفظ کو کسی ایک محکمے کی ذمہ داری قرار دینے کے بجائے مختلف متعلقہ محکموں کے کردار اور باہمی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے۔ تعلیمی شعبے میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ لٹریسی و نان فارمل ایجوکیشن اور اسپیشل ایجوکیشن کے محکمے بھی اہم ذمہ داریاں رکھتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ یہ تمام محکمے اپنے اپنے دائرۂ اختیار میں آنے والے تعلیمی اداروں کے لیے واضح حفاظتی انتظامات وضع کریں، ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور باقاعدگی سے ان کی نگرانی کریں۔
اسی طرح 10 اکتوبر 2025 کو پنجاب کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری اسکولوں میں جنسی ہراسانی کی شکایات سے نمٹنے کے لیے کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ یہ ایک مثبت قدم ہے، لیکن کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کی مؤثر کارکردگی دو مختلف معاملات ہیں۔ کیا ان کے ارکان کو حساس شکایات سے نمٹنے، رازداری برقرار رکھنے اور متاثرہ بچوں کی معاونت کی تربیت دی گئی ہے؟ کیا بچوں کو ان کمیٹیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی شکایات یا خدشات کس طرح ان تک پہنچا سکتے ہیں؟ کیا ان کمیٹیوں کی کارکردگی کی نگرانی ہوتی ہے؟ کمیٹیاں قائم کرنا کافی نہیں، انہیں مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل بنانا بھی متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے۔ جنسی زیادتی جیسے سنگین معاملات میں داخلی کمیٹیاں پولیس یا متعلقہ قانونی اداروں کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔
ان اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ صوبائی چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کو قانونی اور ادارہ جاتی سطح پر مزید مضبوط کیا جائے اور اس کا دائرۂ کار تعلیمی اداروں سمیت بچوں سے متعلق تمام شعبوں تک مؤثر انداز میں پھیلایا جائے۔ حفاظتی اقدامات محض انتظامی ہدایات یا اداروں کی صوابدید تک محدود رہنے کے بجائے لازمی اور قابلِ نفاذ ذمہ داری ہونے چاہییں۔ اس مقصد کے لیے نگرانی اور جواب دہی کا دو سطحی نظام وضع کیا جائے۔ پہلی سطح پر متعلقہ محکمے اور نگران ادارے اپنے زیرِ انتظام تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد اور ان کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں، جبکہ دوسری سطح پر متعلقہ چائلڈ پروٹیکشن حکام کو بچوں کے تحفظ سے متعلق شکایات، حفاظتی انتظامات میں خامیوں اور ادارہ جاتی غفلت کا جائزہ لینے اور متعلقہ اداروں سے جواب طلب کرنے کے واضح قانونی اختیارات حاصل ہوں۔
یہ حفاظتی تقاضے سرکاری و نجی اسکولوں، دینی مدارس، ٹرسٹ اور فلاحی تنظیموں کے زیرِ انتظام تعلیمی اداروں، رہائشی اسکولوں اور غیر رسمی تعلیمی مراکز، سب پر یکساں طور پر لاگو ہونے چاہییں۔ بچے کے تحفظ کا معیار اس بات پر منحصر نہیں ہونا چاہیے کہ وہ کس نوعیت کے ادارے میں تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو باہمی مشاورت سے بچوں کے تحفظ کے کم از کم مشترکہ معیارات طے کرنے اور انہیں متعلقہ قوانین، قواعد اور نگرانی کے نظام کے ذریعے قابلِ نفاذ بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ ملک بھر میں ہر بچے کو تحفظ کی یکساں بنیادی ضمانتیں میسر ہوں۔
اس نظام کا ایک اہم حصہ بچوں کے خلاف جنسی زیادتی، تشدد اور دیگر سنگین بدسلوکی کے واقعات کی متعلقہ حکام کو لازمی اطلاع دینے کا طریقہ کار ہونا چاہیے۔ کسی استاد یا ملازم کو ایسے واقعے کا علم ہو یا اس کا معقول شبہ ہو تو اسے مقررہ طریقہ کار کے مطابق فوری اطلاع دینے کا پابند بنایا جائے۔ اس عمل میں متاثرہ بچوں کی رازداری، اطلاع دینے والوں کا تحفظ، متعلقہ حکام کی جانب سے بروقت قانونی کاروائی اور متاثرہ بچوں کو ضروری تحفظ اور معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
مؤثر حفاظتی نظام کے لیے عملے کی تربیت بھی ناگزیر ہے۔ تمام اساتذہ، دینی مدارس کے معلمین اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کے لیے، خواہ وہ مستقل، عارضی یا وزٹنگ بنیادوں پر کام کرتے ہوں، ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے ابتدائی تربیت اور اس کے بعد ہر سال تجدیدی تربیت لازمی ہونی چاہیے۔ اس تربیت میں بچوں کے ساتھ مناسب رویوں، خطرات کی نشاندہی، شکایات کی اطلاع دینے کے طریقہ کار اور حفاظتی ذمہ داریوں کو شامل کیا جائے۔ ہر تعلیمی ادارہ اپنے عملے کی تربیت کا ریکارڈ محفوظ رکھے، جبکہ متعلقہ سرکاری محکمہ یا نگران ادارہ تربیت کے باقاعدہ انعقاد اور اس میں عملے کی شرکت کی نگرانی کرے۔
ہر تعلیمی ادارے میں بچوں کے تحفظ سے متعلق ذمہ داریوں کی نگرانی اور مختلف اقدامات کے درمیان رابطے کے لیے ایک فوکل پرسن بھی نامزد کیا جائے۔ ان انتظامات کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد میں والدین، اساتذہ اور بچوں کی بامعنی شرکت بھی یقینی بنائی جائے۔ اس مقصد کے لیے اسکول کونسلز اور اسٹوڈنٹس کونسلز جیسے موجودہ پلیٹ فارمز کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تعلیمی اداروں کی جواب دہی بھی ناگزیر ہے۔ کسی واقعے کو چھپانا، شکایت کرنے والے بچے یا خاندان پر دباؤ ڈالنا یا ادارے کی ساکھ بچانے کے لیے سنگین معاملے کو اندرونی طور پر نمٹانا قابلِ قبول نہیں ہونا چاہیے۔ ادارہ جاتی غفلت کی غیر جانب دارانہ جانچ ضروری ہے۔ انفرادی جرم اور ادارہ جاتی ذمہ داری دو الگ معاملات ہیں۔ کسی ایک شخص کے خلاف قانونی کاروائی ان انتظامی خامیوں کو خودبخود دور نہیں کرتی جن سے دوسرے بچوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
بچوں کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کوئی اضافی سہولت نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بچوں کے تحفظ کو محض سرکاری ہدایات اور واقعات کے بعد کی کاروائیوں سے آگے بڑھا کر ایک واضح، مؤثر اور قابلِ احتساب ادارہ جاتی نظام کی شکل دی جائے۔
کیونکہ اصل سوال یہ نہیں کہ کسی بچے کے ساتھ زیادتی کے بعد کون حرکت میں آتا ہے، بلکہ یہ ہے کہ اس بچے کو زیادتی سے محفوظ رکھنے کی ذمہ داری پہلے کس کی تھی؟
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل